|

وقتِ اشاعت :   April 1 – 2017

اسلام آباد: انٹرپول نے ایف آئی اے کی درخواست پر دہشت گردی کے مختلف مقدمات میں مطلوب بلوچ علیحدگی پسند براہمداغ بگٹی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے سے انکار کردیا ،انٹرپول کی طرف سے براہمداغ بگٹی کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کی درخواست کو سیاسی معاملہ قراردیا گیا ہے۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان کی درخواست پر وفاقی وزارت داخلہ نے براہمداغ بگٹی کی گرفتاری کیلئے انٹرپول سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی تھی ۔وزارت داخلہ کی ہدایت کے مطابق مختلف مقدمات میں مطلوب براہمداغ بگٹی کے ریڈ وارنٹ کے اجراء کیلئے انٹرپول سے رابطہ کیا گیا اور انٹرپول کو ملزم کے ریڈ وارنٹ جاری کر کے اس کی گرفتاری کی درخواست کی گئی تاہم انٹرپول نے براہمداغ کے خلاف جاری کارروائی کو سیاسی قراردے کر ریڈ وارنٹ کے اجراء سے انکار کردیا ہے ۔ واضح رہے کہ براہمداغ بگٹی کی گرفتاری کیلئے کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے احکامات جاری رکھے ہیں جبکہ وہ بلوچستان کے مختلف تھانوں میں درج دہشت گردی کے مقدمات میں بھی مطلوب ہے ۔ اس سے قبل انٹرپول بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے سے بھی انکار کرچکا ہے اور الطاف حسین کے خلاف جاری کاروائی کو بھی سیاسی قراردیا گیا تھا۔