|

وقتِ اشاعت :   July 12 – 2017

کوئٹہ : ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم خان اور ارسلاء خان نے غیر معیاری ،غیر رجسٹرڈ ،بغیر لائسنس کی ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمات میں نامزد 2ادویہ ساز کمپنیوں کے مالکان سمیت 7میڈیکل سٹورز مالکان کے پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دئیے ہیں بلکہ تین میڈیکل سٹورز کے کیسز میں پیش نہ ہونے پر رسالدار عبدالجبار کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات صادر کئے ۔

گزشتہ روز ڈرگ کورٹ کوئٹہ میں لاہور کی ادویہ ساز کمپنی وٹامن کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کیس کی سماعت ہوئی تو اس موقع پر کیس میں نامزد کمپنی کے اسسٹنٹ منیجر کبیر احمد عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوسکے جس پر عدالت نے ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دے دئیے ۔

اس کے علاوہ عدالت نے میسرزجینٹل کیئر کارپوریشن کراچی کے کیس میں نامزد ملزم محمد عامر کے بھی پیشی کے موقع پر عدالت کے روبرو حاضر نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں جو کیپٹل سٹی پولیس آفیسر کراچی کو بھجوائے جائینگے تاکہ ملزم کو گرفتارکرکے عدالت میں پیش کیاجاسکے ۔

اس کے علاوہ عدالت میں حنظلہ میڈیکل سٹور کے سمیع اللہ ،آلا صف میڈیکل سٹور کے عبدالواجد ،یحییٰ میڈیسن ہولسیلر کے محمد یحییٰ ،لاثانی ٹریڈرز کے مالک عبدالعابد خان اور الیوسف شاپنگ سینٹر کے عطاء اللہ کے سماعت کے موقع پر پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں اور متعلقہ پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کرے ۔

گزشتہ روز ڈرگ کورٹ نے رحمن میڈیکل سٹور کالج روڈ چمن ،عبدالولی میڈیکل سٹورچمن اور رمضان میڈیکل سٹورچمن میں گواہ رسالدار عبدالجبار کے پیش نہ ہونے پر سخت برہمی کااظہار کیا اور ان کے تینوں کیسز میں قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے اور ہدایت کی کہ اس سلسلے میں وارنٹ ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ کو بھجوائے جائیں۔