|

وقتِ اشاعت :   October 1 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اُن کے خاندان اوررفقاء کار کی دین اسلام کی بقاء اورسربلندی کیلئے دی جانے والی قربانیاں اسلام کا ایک روشن باب ہیں جنہیں رہتی دنیا تک فراموش نہیں کیاجاسکتا۔

ان قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے اندر ایثار،قربانی،تحمل اوربرداشت کا جذبہ پیداکرتے ہوئے فرقہ ورانہ ہم آہنگی ،بھائی چارے اوریکجہتی کے جذبات کو فروغ دیں اوراپنے قول وعمل سے خود کوبہترین مسلمان ثابت کریں۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے عاشورۂ محرم کے موقع پر دیئے گئے اپنے ایک پیغام میں کیا،وزیراعلیٰ نے کہاکہ حضرت امام حسینؓ اوراُنکے ساتھیوں نے عددی تعداد میں کم ہونے کے باوجود یذید کی طاقت کے سامنے سرنگوں ہونے سے انکار کیااورحق کی راہ میں جاں دینے کو ترجیح دی ،یہ حق وباطل کی جنگ تھی جس میں فتح حق کی ہوئی شہدائے کربلا کی قربانیو ں کے نتیجے میں دین اسلام کی سربلندی ہوئی اورباطل قوتوں کو شکست کا سامناکرناپڑا۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ اسلام کی خاطر دی جانے والی یہ عظیم قربانیاں شدت پسندی اورانتہاء پسندی کے خاتمے کیلئے ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ،ملک وقوم کو دہشت گردی اورشدت پسندانہ سوچ کی صورت میں درپیش چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہمیں بھی اپنے اندرجذبہ حسینی پیداکرناہوگا۔

وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں اتحاد بین المسلمین کوناگزیر قراردیتے ہوئے کہاہے کہ ہمیں کفری قوتوں سے مقابلے کیلئے اپنی صفوں میں مکمل اتحاد برقراررکھناہوگا،اس حوالے سے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کوبنیادی کرداراداکرتے ہوئے معاشرے کی صحیح سمت میں رہنمائی کرناہوگی۔

وزیراعلیٰ نے دُعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں سیدھے رستے پرچلنے کی توفیق عطافرمائے اورہمارے سینے ایمان کی روشنی سے منور کردے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے کوئٹہ اورصوبے کے دیگر علاقوں میں عاشورۂ محرم کے جلوسوں کی حفاظت کیلئے تمام تروسائل استعمال میں لاتے ہوئے سیکیورٹی کے بھرپوراقدامات کویقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ اُن کی جانب سے دی گئی ہدایات کی روشنی میں محکمہ داخلہ ، پولیس ،ایف سی اورضلعی انتظامیہ مربوط حکمت عملی کے تحت عاشورہ کے جلوسوں کی مانیٹرنگ سمیت دیگر تمام حفاظتی اقدامات کوبروقت مکمل کریں ،وزیراعلیٰ نے سیکیورٹی کے حوالے سے کسی معمولی سے معمولی خدشہ اورخطرے کو نظراندازنہ کرنے اورسیکیورٹی اداروں کو ہردم مستعد اورمتحرک رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ انہیں تمام صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ کی رپورٹ پیش کی جائے ۔

وزیراعلیٰ نے صوبائی ،ڈویژنل اورضلعی سطحوں پر کمانڈاینڈکنٹرول کے نظام اورمانیٹرنگ رومز کوپوری طرح فعال رکھنے کی ہدایت بھی کی ہے۔وزیراعلیٰ کی جانب سے محکمہ صحت،پی ڈی ایم اے ،سول ڈیفنس اوردیگر متعلقہ محکموں اوراداروں کو بھی کسی بھی غیرمعمولی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیاررہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔