|

وقتِ اشاعت :   November 23 – 2017

جنیوا: سوئیز ر لینڈ کی حکومت نے بلوچ رہنما اور بی آر پی کے سربراہ براہمدغ بگٹی کی جانب سے دی جانے والی سیاسی پناہ کی درخواست مستر د کر دی۔

ایک نجی ٹی وی کے مطابق براہمداغ بگٹی نے کچھ عرصہ قبل سوئس حکومت کو اپنے ملک میں سیاسی پناہ دینے کی درخواست کی تھی نجی ٹی وی کے مطابق سوئس حکومت نے بدھ کو باقاعدہ طور پر بلوچ رہنما کی درخواست مسترد کر دی درخواست مسترد ہونے پر بی آر پی کے سربراہ براہمداغ بگٹی نے کہا کہ سوئس حکومت نے بیرونی دباؤ میں آکر میری درخواست مسترد کر دی واضح رہے کہ براہمداغ بگٹی گزشتہ سات سے سوئیزر لینڈ میں مقیم ہیں ۔

گزشتہ برس ستمبر میں بھارتی حکومت کی جانب سے براہمداغ بگٹی کو اپنی شہریت اور بھارت میں سکونت اختیار کرنے کی پیش کش کی اطلاعات سامنے آئی تھیں بھارتی حکومت اور بی آر پی کی جانب سے پہلے تو اس خبر کو غلط قرار دیا گیا لیکن بھر اس خبر کے چند روز بعد ہی براہمداغ بگٹی نے باقاعدہ اعلان کیا کہ وہ اپنے اور اپنے خاندان والوں کے لئے بھارتی شہریت حاصل کرنے کی درخواست جمع کرائیں گے ۔

دریں اثناء ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ سوئس حکومت نے براہمداغ بگٹی کی سیاسی پناہ کی درخواست مسترد کر دی ایک نجی ٹی وی کے مطابق میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ اب ہماری توجہ بلوچستان کی سیکورٹی پر ہو گی کسی کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔