|

وقتِ اشاعت :   December 30 – 2017

کوئٹہ: گوادر میں پلاٹس کی تقسیم کا ایک اور بڑا کرپشن سکینڈل سامنے آگیا۔ انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے کرپٹ آفیسران کی جانب سے سینکڑوں صنعتی اور کمرشل پلاٹس اپنے رشتہ داروں میں تقسیم کرنے کا چیئرمین نیب نے نوٹس لے لیا۔

اتھارٹی کے دفتر پر چھاپہ مار کر اہم ریکارڈ حاصل کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گوادر میں کروڑوں روپے مالیت کے صنعتی اور کمرشل پلاٹس کی بندر بانٹ کا انکشاف ہوا ہے۔ گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جیڈا)کے موجودہ اور سابقہ ایم ڈی اور کنسلٹنٹ نے سینکڑوں پلاٹس قواعد و ضوابط اور حقیقی سرمایہ داروں کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنے رشتہ داروں اور منظور نظر افراد میں بانٹ دیئے۔

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے نیب بلوچستان کو معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا۔ نیب کی ٹیم نے گوادر میں جیڈا کے دفتر پر چھاپہ مار کر اہم ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔

ترجمان نیب کے مطابق موقع پر ریکارڈ کے معائنے سے پتہ چلا کہ جیڈا میں کمرشل پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے قواعد و ضوابط کویکسر نظر انداز کیا گیا ۔ جیڈا کے افسران و دیگر ملازمین نے سہولت کاروں کی مدد سے من پسند افراد اور عزیز و اقارب میں پلاٹوں کی بندر بانٹ کی۔

علاوہ ازیں الاٹمنٹ کے حوالے سے صنعت کار ہونے کی شرط کو ملحوظِ خاطر نہ رکھتے ہوئے فائلوں کی فروخت کے ذریعے بڑے پیمانے پر خرد برد کی ، اور معیار پر پورا اْترنے والے صنعت کاروں اور اہل درخواست دہندگان کی درخواستوں کو ردی کی ٹوکری کی نظر کرتے ہوئے ذاتی پسند نہ پسند کی بنیاد پر الاٹمنٹ کر کے قومی خزانے کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا گیا۔ 

اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہیں اور کیس میں ملوث سہولت کاروں اور دیگر سرکاری ملازمین کو بھی تفتیش کے دائرے میں لایا جائیگا۔دریں اثناء چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو معاشی سرگرمیوں کی راہ میں کرپشن کے ذریعے روڑے اٹکانے والوں کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم رکھتاہے ، پاکستان کی ترقی کے لئے بلوچستان میں معاشی سر گرمیوں کا فروغ انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

گوادر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والے حقیقی سرمایہ کاروں کا یہ حق ہے کہ انہیں قوائد و ضوابط کے مطابق سرمایہ کاری کا موقع دیا جائے۔ گوادر کی معاشی ترقی کرپٹ عناصر کی ذاتی فوائد کی نظر نہیں ہونے دینگے ، کرپشن کے ذریعے گوادر کی معاشی ترقی کو داؤ پر لگانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔