|

وقتِ اشاعت :   January 2 – 2018

وڈھ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اخترجان مینگل نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم کے آفیسران خود تعلیم کیلئے خیرخواہ نہیں۔ تعلیم اور صحت کے شعبے میں حکومت اور محکمے ساتھ نہیں دے رہی ہیں۔ 

ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے وڈھ میں کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سب ڈویژن وڈھ میں تعلیمی اداروں میں انتہائی بے ظابطگیاں ہیں ۔ تعلیمی اداروں کے سربراہان اور دیگر اسٹاف اپنے ڈیوٹی سے غیر حاضر رہتے ہیں۔ 

کئی آسامیوں پر آفیسران کے نام تک معلوم نہیں کہ کون ہیں اور کہاں ہیں؟اسکولوں میں کئی آسامیاں خالی بھی ہیں ۔آفیسران بھرتیوں کے وقت دوسرے علاقوں سے لوگوں کو ٹرانسفر کرکے پوسٹوں کو پُر کرکے دوسرے علاقوں کی خالی آسامیاں بڑھاکر وہاں سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں کرواتے ہیں اور یہاں کے آسامیوں پر ٹرانسفر پوسٹنگ کی صورت میں قبضہ کیا جاتا ہے۔

اداروں میں ایسے لوگوں کی تعیناتی کی جاتی ہیں کہ وہ اپنے ڈیوٹی پر ایک دن بھی حاضر نہیں ہوتے اور ملی بھگت کے تحت تنخواہیں لیتے ہیں۔ہر دور میں تعلیمی صورتحال کو بہتر کرنے کی کسی نے کوشش ہی نہیں کی صرف بھرتیوں اور عمارتوں سے نظام درست نہیں ہوسکتا۔

لوگ محکمہ تعلیم کو (محکمہ فرائض سے آزادی ) سمجھ کر اس میں بھرتی ہوکر عوام کو محروم رکھتے ہیں۔ وڈھ کے ریموٹ ایریاز آڑنجی ، شاہ نورانی ،سارونہ سمیت دیگر علاقوں میں اسکولوں کی کارکردگی صفر ہے۔ کئی اساتذہ محکمے سے منسلکی کے تعیناتی آرڈرز کرواکر من پسند علاقوں میں چلے گئے ہیں۔

رورل ہیلتھ سینٹر وڈھ بیلہ اور خضدار کے سنگم پر واقع ہے آئے روز حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں مگر ہسپتال ڈاکٹر اور ایمبولینس کی سہولت سے محروم ہے سات میڈیکل آفیسر کے پوسٹ جن میں سے چھ پوسٹ کئی سال سے خالی ہیں صرف ایک میڈیکل آفیسر تعینات ہے۔ 

ادویات کا کوٹہ پہلے دو لاکھ دس ہزار روپے تھی جبکہ اب حکومت اس کو کم کرکے ایک لاکھ کردی ہے۔علاقے میں منشیات اور گٹکے کی بھرمار ہے۔آزادی کے ساتھ لوگ کاروبار کررہے ہیں ان پر پابندی اور ان کے کاروبار کو ختم کرنے کیلئے انتظامیہ کردار ادا کرے۔ 

اس موقع پر ایم پی اے گوادر میر حمل کلمتی،ڈپٹی کمشنر خضدار مجیب الرحمٰن قمبرانی،اسسٹنٹ کمشنر وڈھ ارشد حسین جمالی،چیف میونسپل کمیٹی وڈھ آزاد خان بنگلزئی، تحصیلدار وڈھ چاکرخان بلوچ، رسالدار محمد ہاشم مینگل سمیت دیگر سیاسی و سماجی معتبرین موجود تھے۔ کمشنر قلات نے متعلقہ محکموں میں بہتری لانے اورمنشیات کے کاروبارکے خلاف نوٹس لینے کی یقین دہانی کرائی۔