|

وقتِ اشاعت :   January 18 – 2018

کوئٹہ: شال کوٹ میں انسداد پولیوٹیم پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 خواتین جاں بحق ہوگئیں۔

 کوئٹہ کے علاقے شالکوٹ میں انسداد پولیو مہم کی ٹیم بچوں کی ویکسی نیشن میں مصروف تھی کہ اسی اثنا میں نامعلوم افراد ان پر فائرنگ کرکے فرارہوگئے۔ جس کے نتیجے میں ایک ورکر خاتون موقع پرجاں بحق جب کہ دوسری زخمی ہوگئی، زخمی خاتون کو فوری طور پراسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔

واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری فوری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔  فائرنگ کے بعد شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جب کہ متعدد علاقوں میں انسداد پولیو مہم معطل ہوگئی ہے۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ چند روزسے بلوچستان میں بالعموم اور کوئٹہ میں بالخصوص دہشتگردی اور پولیس اہلکاروں پر حملے پھر سے بڑھ گئے ہیں۔