|

وقتِ اشاعت :   October 20 – 2018

حب :  گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں ناکارہ بحری جہازوں کی کٹائی پر عائید پابندی ہٹالی گئی، آج سے گڈانی کے پلاٹ نمبر 9اور10کے علاوہ باقی تمام پلاٹوں پر ناکارہ بحری جہازوں کی کٹائی سمیت ہر قسم کا کام شروع کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ۔ 

پلاٹ نمبر9اور 10پر کام تحقیقات مکمل ہونے تک بند رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( بی ڈی اے ) کے چیئرمین اکبر لاشاری نے جمعے کی شب ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں واقع پلاٹ نمبر9اور 10کے علاوہ باقی تمام پلاٹوں پر ناکارہ بحری جہازوں کی کٹائی پر عائید کی گئی پابندی کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ 

علاوہ ازیں اکبر لاشاری نے ٹیلیفون پر میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا ہے کہ اتوار14اکتوبر کو گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے پلاٹ نمبر9اور10میں ایک ناکارہ بحری جہازوں کی کٹائی کے دوران سات محنت کش آگ لگنے سے جھلس کر زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد فوری طور پر گڈانی میں پلاٹ نمبر 9اور 10سمیت گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے تمام پلاٹوں پر ناکارہ بحری جہازوں کی کٹائی کا کام بند کرنے کیلئے بھی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا ۔

اکبر لاشاری نے بتایا کہ اگرچہ یہ پابندی اتوار سے لے کر ایک ہفتے تک کیلئے یعنی اتوار تک کیلئے عائید کی گئی تھی مگر شپ بریکنگ یارڈ گڈانی کے وسیع تر مفاد اور بلوچستان میں صنعتی ترقی اور صوبے کے محنت کشوں کے روزگار کی فراہمی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہفتے کے روز سے گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں ہر قسم کا کام شروع کرنے کا اجازت نامہ جاری کردیاگیا ہے ۔ 

ایک سوا ل کے جواب میں چیئرمین بلوچستان ڈیو لپمنٹ اتھارٹی اکبر لاشاری نے بتایا کہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈمیں بحری جہازوں کی کٹائی کے دوران ہونے والے نا خشگوار واقعات کی روک تھام کیلئے ایس او پی پر عملدرآمد شرو ع کردیا گیا ہے اور شپ بریکرز سمیت محنت کش ناکارہ بحری جہازوں کی کٹائی کے دوران آئندہ اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ گڈانی میں انسانی جانوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جاسکے۔