|

وقتِ اشاعت :   November 15 – 2017

اسلام آباد: پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ( دستور) کی فیڈرل ایگزیکیٹو کونسل کا ملتان میں جاری تین روزہ اجلاس ختم ہو گیا۔ایف ای سی کے اجلاس میں ملک بھر سے پی ایف یو جے ( دستور) کے مرکزی عہدیداران ، یونینز کے صدر اور سیکرٹریز نے شرکت کی۔

ملتان پریس کلب میں منعقدہ اختتامی اجلاس میں ملک بھرمیں صحافیوں کو درپیش مسائل، بلا جواز برطرفیوں ، تنخواہوں کی عدم ادائیگیوں اور آزادی اظہار رائے میں حائل رکاوٹوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور جہدوجہد پر اتفاق کیا گیا ۔

اجلاس کی صدرات صدر پی ایف یو جے ( دستور) حاجی نوازرضا نے کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی ایف یو جے ( دستور) کے سیکریٹری جنرل سہیل افضل خان نے کہا کہ پی ایف یو جے ( دستور) ویج بورڈ ایوارڈ سمیت صحافیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے آواز اٹھاتی رہے گی ۔

وقت اور حالات کا تقاضہ ہے کہ جب تک آپس میں اتحاد نہیں ہو گا ، اس وقت تک حقوق حاصل کرنا ممکن نہیں ہے۔ سہیل افضل نے کہا کہ پاکستان کے صحافیوں نے حق اور سچ کے لیے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں ،موجودہ دور میں حالات جیسے بھی ہوں قلم کو حق اور سچ کے لیے استعمال کیا جائے۔ 

اجلاس میں بلوچستان کے صحافیوں کوپیشہ ورانہ امور کی انجام سے روکنے کے واقعات،دھونس دھمکیوں، میڈیا ہاوسز پر حملوں اور اخبارات کی ترسیل پربندش کے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا اور مرکزی اور صوبائی حکومت سے بلوچستان کے صحافیوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور میڈیا ہاوسز کو سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ 

اجلاس میں وزارت اطلاعات سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ صحافیوں سے متعلق بنانے جانے والے قوانین پر پی ایف یو جے دستور کو اعتماد میں لے اور صحافیوں کے فلاح وبہبود اور تحفظ سے متعلق بل کو پی ایف یو جے دستور کی مشاورت کے بعدہی ایوان میں پیش کیا جائے ، بغیر مشاورت کسی قانون کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ 

اجلاس میں میں پیش کی جانے والی قرار دادوں میں ساتویں ویج ایوارڈ کے عدم نفاذ پر تشویش ، آٹھویں ویج ایوارڈ کے فی الفورقیام اور دستور گروپ کو نمائندگی دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

قرار داد میں بول ٹی وی ، سچ ٹی وی ، کیپٹل ٹی وی، سیون نیوز اور ڈیلی ٹائمز میں تنخواہوں اور واجبات کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مذکورہ میڈیا ہاوسزسے تنخواہوں کی بروقت اور واجبات کی فوری ادائیگی کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ 

قرار دار میں مطالبہ کیا گیاکہ وفاقی اور تمام صوبائی حکومتیں اخبارات اور ٹی وی چینلز کو اشتہارات کی ادائیگی کو ملازمین کے تنخواہوں کی بروقت ادائیگی سے مشروط کرے۔ملک بھر میں صحافیوں کو صحت کی سہولت میں رعایت دینے کا مطالبہ کیا گیا ۔

نجی ٹی وی چینل کے رپورٹر احمدنورانی پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مجرموں کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا ۔