|

وقتِ اشاعت :   November 18 – 2017

کوئٹہ : ڈسٹرکٹ کونسل خضدار کا اجلاس زیر صدارت اسپیکر و ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین خضدار عبدالحمید بلوچ منعقد ہوا۔اجلاس کا آغاز ڈسٹرکٹ کونسل کے ممبر مولاناجلیل احمد جلالی کی تلاوت کلام پاک سے ہوئی۔جب کہ اسٹیج سیکریٹری کے فرائض وڈیرہ محمد صالح جاموٹ سرانجام دے رہے تھے۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی ،ڈسٹرکٹ کونسل کے ممبران کی اکثریت اور محکمہ جات کے آفیسر ن، اور دیگر مبصرین شریک تھے ۔

اجلاس کا ایجنڈا ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین خضدار عبدالحمید بلوچ نے پیش کیا ۔ضلع میں زیر تعمیر جاری منصوبوں پر چیف آفیسر لوکل گورنمنٹ عبدالواحد شاہوانی نے رپورٹ پیش کی ۔

بعد ازاں ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین آغاشکیل احمددرانی ڈسٹرکٹ کونسل ممبران میر جمعہ خان شکرانی ، مولانا عبدالصبور مینگل ، میر عزیز محمد جام زہری،مولانا جلیل احمدجلالی، مولانا عبداللہ سمالانی،عبیداللہ قلندرانی و دیگرممبران نے اظہار خیا ل کرتے ہوئے اپنی رائے پیش کی اور تجاویز دیئے ۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فیمیل مس زاہدمصطفی ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فضل بلوچ نے ڈسٹرکٹ کونسل اراکین کو ایجوکیشن اور ہیلتھ کی کار کردگی سے آگاہ کیا ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی نے کہاکہ ہم ڈسٹرکٹ کونسل کے تمام ممبران کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں ایوان میں حزب اقتدار اور حزب اختلاف کی کوئی تفریق نہیں ہے ،ہم سب ایک دوسرے کے مدد گار اور علاقہ کے خیر خواہ وہ مسائل کے حل کے لئے یک جان ہیں ۔

ڈسٹرکٹ کونسل خضدار دستیاب وسائل کے اندررہتے ہوئے پورے ضلع میں عوام کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے کوششیں کررہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ جتنے بھی اسکیمات زیر تعمیر ہیں ان کے جلد اور معیاری انداز میں مکمل ہونے کے لئے ہرممکن اقدامات کیئے جائیں گے ۔

ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی نے اجلاس کے ایجنڈے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ خضدار میں پانی کی قلت خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے ،زیر زمین پانی نایاب ہوچکا ہے ،خضدار میں اکثر ٹیوب ویلز خشک ہوچکے ہیں ۔

اس کی سب سے بڑی وجہ بے احتیاطی اور زیر زمین پانی کو بے دریغ انداز میں نکال کر استعمال میں لانا ہے ،اور دوسری جانب ماحولیاتی آلودگی و درختوں کی کٹائی ہے ، اللہ رب العزت کا ایک نظام ہے درختوں کی وجہ سے بارشیں زیادہ ہوتی ہیں اور ان درختوں کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی پیدا نہیں ہوتی ہے تاہم ہمارے ہاں درختوں کی کٹائی کی وجہ سے ماحولی آلودگی میں اضافہ نے بارشوں کے رخ کو بھی تبدیل کردیا ہے اب بارشیں بھی کم ہورہی ہیں ۔

صورتحال اس حد تک خطرناک بن چکی ہے کہ آئندہ چند سالوں میں خضدار سے نقل مکانی شروع ہوجائیگی یہاں لوگ پانی کے لئے مارے مارے سرگرداں پھرتے رہیں گے اس کے لئے ضروری ہے کہ بورٹیوب ویلزبے دریغ اضافہ کے ساتھ لگے ہیں انہیں بند کرنا ہوگا اور شہر کے آس پاس مضافاتی علاقوں میں جو زراعت اور کاشتکاری ہورہی ہے اسے روکنا ہوگا۔

پینے کا جو پانی ہے یہی زرعی زمینیں اس پانی کا بڑ ا حصہ نگل رہی ہیں جو کہ ہمارے آنے والے مستقبل کے لئے پانی کے حوالے بہت بڑا بحران پیدا کرنے کے سبب بن سکتے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ پانی کی قلت کے اس حساس مسئلے کو سنجیدگی کے ساتھ لیکر اس پر سوچنا ہوگا اور اس کے لئے منصوبہ بندی کرنا ہوگا ۔

اس کے لئے میر ی کوشش ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کرکے انہیں خضدار کی اس حساس نوعیت کے بارے میں آگاہ کریں اور یہاں چیک ڈیمز کی منظوری لی جائے۔

ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی اجلاس میں تعلیم کے ایجنڈے پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم پر کوئی بھی سمجھوتہ قبول نہیں ہے ،اس حوالے سے غیر فعال تعلیمی اداروں کو فعال بنانا اور غیر حاضر اساتذہ کو حاضری اور ٹرانسفر و اٹیچ منٹ پر آنے والے اساتذہ کو ان کی جائے تعیناتی پر فوری طور پر بھیجنا لازمی امر بن چکا ہے ، جب تعلیم کے شعبے پر ہم سفارش کلچر کو فروغ دیں گے تو ہمارا مستقبل جہالت زدہ اور ناخواندگی کا شکار ہوگا ۔ 

اس کے لئے ضروری ہے کہ تعلیم میں حاضری معیار اور میرٹ کا ہر صورت میں خیال رکھا جائے ۔ محکمہ ایجوکیشن کسی بھی استاذ کی سفارش کو قبول نہ کرے بلکہ فروغ تعلیم کے لئے انہماک کے ساتھ محنت کرتے ہوئے نظم کو برقرار رکھے ۔

ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی نے ڈسٹرکٹ کونسل کے ممبران کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے یونین کونسلز و حلقوں میں از خود محکمہ ہیلتھ ، تعلیم کے معاملات کی نگرانی کریں اور وہاں بننے والے اسکیمات کا جائزہ لیں کہیں بھی کوئی کوتاہی اور کمی پائی جاتی ہو تو اس کی نشاندہی کریں اور ڈسٹرکٹ کونسل کو اس کی رپورٹ کریں ، تاکہ عوام کو درپیش مسائل حل ہوں اور انہیں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ 

انہوں نے ڈسٹرکٹ کونسل خضدا رکے اجلاس میں محکمہ جات کے آفیسران کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ڈسٹرکٹ کونسل کے اجلاس میں محکمہ ہیلتھ ، ایجوکیشن ، کے علاوہ دیگر محکمہ جات کے آفیسران کی غیر حاضری تشویشناک ہے اس کی قطعاً اجازت نہیں دی جاسکتی ہے اور اس غیر ذمہ داری کا سختی سے نوٹس لیاگیا ہے اور آفیسران کی غیر ذمہ داری کی رپورٹ بالائی سطح تک بھی کی جائیگی ۔ 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین خضدار عبدالحمید بلوچ نے کہاکہ خضدار میں پانی کی قلت تشویشناک صورتحال اختیار کرتی جارہی ہے اس مسئلے کو سنجیدہ گی سے لیکر اس سے نمٹنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائیگا ، تاکہ ہمارے مستقبل کو پانی کی قلّت کے حوالے سے درپیش مسئلے کا حل نکال کراس کمی دور کی جاسکے ۔ 

انہوں نے کہاکہ خضدار میں چیک ڈیمز کی تعمیر ناگزیر بن چکی ہے اس حوالے سے ڈسٹرکٹ کونسل صوبائی اور وفاقی حکومت سے بات کرکے خضدار کے لئے چیک ڈیمز کی منظوری دلوائے گی ۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ کونسل ممبران کے مطالعاتی دورے کی بھی منظوری دیدی گئی ۔ اور اس ساری کاروائی کے بعد ڈسٹرکٹ کونسل خضدار کا دسواں اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا گیا۔