|

وقتِ اشاعت :   December 6 – 2013

National-Assembly-of-Pakistanاسلام آباد(آزادی نیوز)ارکان پارلیمان کی طرح فوجیوں، ججوں اور بیوروکریٹس پر بھی دوہری شہریت نہ رکھنے کی پابندی کا بل تیار کرلیا گیا ہے، سول سرونٹس کو گریڈ 20 میں ترقی کے لیے دوہری شہریت چھوڑنا ہوگی، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے منظوری دے دی ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکریٹریٹ کا اجلاس سینیٹر کلثوم پروین کی صدارت میں ہوا۔ اے این پی کے الیاس بلور نے سول سرونٹ ترمیمی بل پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کو صرف پاکستان کے ساتھ وفاداری کا ثبوت دینا چاہیے اور کسی دوسرے ملک کی شہریت نہیں رکھنی چاہیے۔ کامل علی آغا نے کہا کہ بل کا نفاذ عدلیہ اور فوج پر بھی ہونا چاہیے۔ کمیٹی نے ا?ن کی ترمیم کو بھی بل میں شامل کرنے پر اتفاق کیا۔ صغریٰ امام نے کہاکہ اگر حکومت کو بل پر کوئی اعتراض ہے تو وہ خود آئینی ترمیم لے آئے۔ وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے کہاکہ وہ بل کی مخالفت نہیں کرتے لیکن چاہتے ہیں کہ تمام اداروں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر سلوک کیا جائے، کسی ایک ادارے کے ملازمین کو پابند کرنا درست نہیں۔