|

وقتِ اشاعت :   December 13 – 2013

imagesکوئٹہ(این این آئی)وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام باہمی اختلافات ، تنازعات اور ناراضگیوں کو بھلاکر وسیع ترقومی مفاد کی خاطر یکجا ہوجائیں اور تمام ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیں میں ان دوستوں سے یہ بھی کہنا چاہتاہوں کہ ہم کھلے دل سے مسائل کے حل کیلئے بامقصد اورمعنی خیز مذاکرات کے حامی ہیں تاکہ بلوچستان امن کا گہوارہ بن سکے دنیا میں کوئی ایسا مسئلہ نہہیں جس کا حل مذاکرات سے ممکن نہ ہو اور ہمارے مسائل نہ اتنے سنگین تھے اور نہ ہیں کہ جن کو باہمی مشاورت سے حل نہ کیا جاسکے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو ای ایم ای ٹریننگ سینٹر کوئٹہ کینٹ میں ہونے والی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہا کہ میں آج کی پریڈ میں شامل بلوچستان کے غیور نوجوانوں کو بنیادی عسکری تربیت کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور مجھے فخر ہے کہ میں آج کے دن بلوچستان کے بے باک اور جاں فشاں سپاہیوں کے ساتھ موجود ہیں آج کا دن آپ کی زندگگی میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے آپ آج اس مقام پر کھڑے ہیں کہ اپنی خدمات ملک اور قوم کیلئے پیش کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ سرزمین بلوچستان کے غیور عوام نے ہمیشہ مادر وطن کی خدمت کیلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں مجھے یقین ہے کہ بلوچستان کی آئندہ نسل ماضی اوراپنے اسلاف کی اعلیٰ اقدار اور درخشاں روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کرنے میں کسی سے پیچھے نہیں رہے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک فوج نہ صرف پاکستان کی یکجہتی کی ضمانت ہے بلکہ ملک کی ترقی اور استحکام کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے شانہ بشانہ سرگرم عمل ہے بالخصوص بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام اورعوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کیلئے پاک فوج کا کردار قابل ستائش اور تقلید ہے بہت سے تعلیمی ،معاشی اور فلاحی منصوبے پاک فوج کی بے پناہ خدمات کی غمازی کرتے ہیں جس کلئے میں بلوچستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے پاک فوج کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اپنی جغرافیائی اہمیت ،معدنی ذخائر اور کم آبادی کی وجہ سے ترقی یافتہ ممالک کی توجہ کا مرکزہے جو اسے اپنے مقاصد کے حصول کیلئے اپنی منشاء کے مطابق استعمال کرنا چاہتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ وطن عزیز کی دشمن قوتیں بھی بلوچستان کے موجودہ نامساعد حالات ،فرقہ واریت ، دہشت گردی اور بے یقینی کی اس صورتحال کیلئے سرگرم عمل ہیں ان پاکستان دشمن عناصر کو مورد الزام ٹھہرانا اپنی جگہ مگر ہمارری ساری کوششیں اپنے اندرونی معاملات کو ٹھیک کرنے کیلئے ہونی چاہہئیں اور میرا یقین کامل ہے کہ قومی یکجہتی ،ہم آہنگی اور اتفاق سے ہم ان قوتوں کو ناکامی سے دوچار کردیں گے لیکن قومی یکجہتی صرف کہنے سے حاصل نہیں ہوسکتی بلکہ ہمیں اپنے عمل سے ثابت کرنا ہوگا کہ ہم ایک ہیں اگر پاک فوج بلوچستان کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں لانے کیلئے اپنے قوانین میں ترمیم کرسکتی ہے تو ہماری بھی یہ ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے عمل سے یہ ثابت کریں کہ ہم ذات ، پات ،رنگ و نسل اورفرقہ بندی سے بالاتر ہوکراس ملک کی ترقی کیلئے کوشاں رہیں گے۔وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ قوموں کی تعمیر و ترقی میں نوجوان ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں بے روزگاری ،سماجی اور معاشی مشکلات کے دوران نوجوانوں کے بھٹک جانے کے قوی امکانات موجود ہوتے ہیں ہماری کوشش ہے کہ ہم ان نوجوانوں کو صحیح سمت پر گامزن رکھیں تاکہ بلوچستان جہالت کے اندھروں سے نکل کر شعور و آگہی کی منازل طے کرے جو بلوچستان کے روشن مستقبل کی ضما نت ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں بلوچستان کے نوجوانوں کی تعلیم و ترقی اورر حصول روزگار میں مدد کیلئے پاک فوج کے کردار کو سراہتا ہوں مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ 1800بلوچستان کے نوجوان پاک فوج کا حصہ بن کر اپنے خاندان کیلئے باعزت حصول روزگار کا سبب بن رہے ہیں ۔ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین بیش بہا قدرتی وسائل سے مالا مال ہے میری حکومت کی یہ کوشش ہے کہ صوبے کے معدنی اور دوسرے وسائل کو استعمال کرتے ہوئے ترقی کا نیا باب شروع کیا جائے اس سلسلے میں ہم پاک فوج کے کردار کو بھی خوش آمدید کہیں گے۔انہوں نے تربیت مکمل کرنے والے جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو ہر میدان میں کامیابی سے ہمکنار کڑے اورر پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں اورعوام کی جان و ملاک کے تحفظ کافریضہ بطریق احسن سرانجام دینے کی توفیق دے۔