|

وقتِ اشاعت :   December 14 – 2013

IMG_9225کرا چی (اسپورٹس رپورٹر )پاکستان نیوی ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔ اس ضمن میں کشتی رانی ، شوٹنگ اور گولف کے قومی سطح پر منعقد کئے جانے والے کئی مقابلے قابل ذکر ہیں۔ پاک بحریہ کے کھلاڑی کھیلوں کے بین الاقوامی مقابلوں میں بھی حصہ لیتے رہے ہیں اور ملک کے لئے عزت و وقار کا باعث بنے ہیں۔ اسی تسلسل کو برقرا ر کھتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف انٹر نیشنل اسکواش چیمپئن شپ 16تا23دسمبر روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس کراچی میں پاکستان نیو ی کے زیر انتظام منعقد کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں آج ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا گیا جس سے پی این ایس کارساز کے کمانڈانٹ کموڈور سعید احمد نے خطاب کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر چیف آف نیول اسٹاف ، کمانڈر کراچی اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ چیمپئن شپ پری کوالیفائرز، کوالیفائرز، مین اور فائنل راؤنڈ پر مشتمل ہوگی۔ پری کوالیفائنگ اور کوالیفائنگ راؤنڈز 16تا 19دسمبر منعقد کئے جائیں گے ، مین راؤنڈ 20دسمبر کو جبکہ فائنل 23دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ چیمپئن شپ کی انعامی رقم 15000امریکی ڈالر ہے ، جس میں اسکواش کے معروف کھلاڑی جیسے ناصر اقبال ، فر حان زمان، عامر اطلس خان، دانش اطلس خان حصہ لے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں نائجیریا کے ایک کھلاڑی سمیت متحدہ عرب امارات اور امریکہ سے آئے ہوئے پاکستانی کھلاڑی بھی ٹائٹل جیتنے کے لئے میدان میں اتریں گے۔