|

وقتِ اشاعت :   December 17 – 2013

Q10کوئٹہ(این این آئی)مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے صدر و چیف آف جھالاوان و سینئر صوبائی وزیر نواب ثناء اللہ خان زہری نے کاسی قبیلے کی جانب سے نواب ارباب عبدالظاہر کاسی کی رہائی کیلئے تاوان ادا نہ کرنے کے فیصلے کوسراہتے ہوئے انہیں زہری قبیلے اور مسلم لیگ (ن) کی طرف سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایاہے۔یہ بات انہوں نے پیر کو این این آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اغواء برائے تاوان ایک کاروبار کی شکل اختیار کرچکا ہے اور آئے روز شریف شہریوں کو اغواء کرکے کروڑوں روپے تاوان طلب کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشل پارٹی کے مرکزی رہنما و کاسی قبیلے کے سربراہ ارباب عبدالظاہر کاسی کے اغواء میں ملوث ملزمان کی طرف سے ایک ارب روپے تاوان کا مطالبہ کسی بھی طرح درست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاسی قبیلے او ر ارباب عبدالظاہرکاسی کے اہل خانہ کی جانب سے اغواء کاروں کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے انکی رہائی کے بدلے تاوان ادا نہ کرنے کا فیصلہ جرات مندانہ اقدام ہے ۔نواب ثناء اللہ خان زہری نے کاسی قبیلے کے فیصلے کوسراہتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور زہری قبیلہ کاسی قبیلے کے ساتھ ہرممکن تعاون کیلئے تیار ہے اور ارباب عبدالظاہر کاسی کیلئے مسلم لیگ (ن) ہر پلیٹ فارم پر کوششیں کر رہی ہے۔انہو ں نے کہا کہ کاسی قبیلے کے جرات مندانہ فیصلے سے سماج دشمن عناصر کے حوصلے پست اور شریف شہریوں کے حوصلے بلند ہونگے۔