|

وقتِ اشاعت :   December 18 – 2013

gggکراچی(آزادی نیوز)ایم کیوا یم کے ترجمان نے وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان کے اس بیان پر جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی کی طرح سندھ کے دیگر شہروں میں بھی آپریشن کیلئے رینجرز کو احکامات دیدیئے گئے ہیں ، تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سندھ ’’ ریاستی طاقت کے ذریعے ایم کیو ایم کو کچلنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے‘‘۔ ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں ڈاکو راج قائم ہے ، وزیراعلیٰ سندھ کے آبائی شہر خیرپور میں اغواء4 برائے تاوان ، ڈکیتی ، لوٹ مار اور قتل و غارتگری روز مرہ کا معمول بن چکی ہے جبکہ اخباری رپورٹس کے مطابق خیرپور میں جرائم کی شرح سب سے زیادہ ہے ، ترجمان نے کہا کہ اندرون سندھ میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے لیکن حکومت سندھ ، خیرپور ، دادو ، جیکب آباد اور اندرون سندھ کے دیگر شہروں میں عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کے تحفظ کیلئے مثبت اقدامات کے بجائے حیدرآباد ، میرپورخاص ، سکھر ، نوابشاہ اور سانگھڑ میں ظالمانہ اور متعصبانہ آپریشن کے منصوبے پر عمل پیرا ہے اور کراچی طرح سندھ کے دیگر شہری علاقوں میں ماورائے آئین اور قانون کے ذریعے ایم کیو ایم کو کچلنا اور اس کے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال رہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایم کیو ایم جمہوریت اورامن پسند جماعت ہے ، امن پسندی کو ایم کیوا یم کی کمزوری نہ سمجھا جائے ، ایم کیو ایم ایک کھلی حقیقت اور عوامی طاقت ہے اگر سندھ حکومت کی جانب سے ایم کیوا یم کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے اور عوام کو ریاستی طاقت سے دبانے کی سازشیں بند نہ کی گئیں تو اسے عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔