کوئٹہ ( این این آئی) بلوچستان مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر پارلیمانی لیڈر چیف آف جھالاوان سینئر صوبائی وزیر نواب ثناء اللہ خان زہری سے بدھ کے روز زہری ہاؤس میں ارکان اسمبلی مسلم لیگ ن کے صوبائی عہدیداروں قبائلی شخصیات اعلیٰ بیوروکریٹس نے ملاقاتیں کی اور ان سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا بلوچستان مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی اور سابقہ صوبائی وزیر خزانہ میر عاصم کرد گیلو نے بھی نواب ثناء اللہ زہری سے ون ٹو ون ملاقات کی اور ان سے بلوچستان کی سیاسی صورتحال سمیت مسلم لیگ ن کے وزراء کی مشکلات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ذرائع کے مطابق صوبائی صدر نواب ثناء اللہ زہری سے مسلم لیگ کے وزراء اور مشیروں کا مسلسل رابطہ ہے اور ان کا موقف ہے کہ ان کے اختیارات میں مداخلت کی جارہی ہے اور ان کے کاموں میں بے جا مداخلت کا سلسلہ کافی عرصے سے جاری ہے مزید اب ان کیلئے بے بس وزراء کے طور پر کام کرنا مشکل بنتا جارہا ہے نواب ثناء اللہ زہری نے بدھ کے روز مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کہا کہ وہ مسلم لیگ ن کے صوبائی وزراء مشیروں اور ارکان اسمبلی کی شکایتیں سن سن کر میرے کان پک گئے ہیں آخر ان ارکان اسمبلی کو عوام نے بھاری اکثریت سے منتخب کیا اور ان کا حق ہے کہ ان کو مکمل پروٹوکول دیا جائے اور ان کے مسائل حل کئے جائیں ۔