اسلام آباد(این این آئی)وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان،افغانستان اور بھارت کے پاس صرف اچھا دوست بننے کا آپشن ہے، حامد کرزئی سے متفق ہیں کہ اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔ ترک میڈیا کو دیئے گئے انٹر ویو میں انہوں نے کہاکہ۔وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ہمسایہ ممالک تبدیل نہیں ہو سکتے،خطے میں امن کیلئے پاکستان، افغانستان اور بھارت کے پاس اچھے دوستوں کی طرح رہنے کے سواء کوئی آپشن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان صدر حامد کرزئی کے ساتھ اس بات پر اتفاق ہے کہ اپنی سرزمین ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ افغان صدر حامد کرزئی سے مختلف امور پر بات چیت ہوئی ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان اپنے ہمسایوں سمیت تمام ممالک کے ساتھ امن اورمحبت سے رہنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی جغرافیائی حیثیت بہت اہمیت رکھتی ہے، اگر پاکستان میں امن ہوگا تو خطے میں تجارت کو فروغ ملے گا اور یہاں خوشحالی آئے گی۔ایک سوال کے جواب میں نواز شریف نے کہاکہ ہم نہیں چاہتے کہ ایسا کوئی قدم اٹھا یا جائے جس سے خطہ عدم استحکام کا شکار ہو۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں فعال اقتصادی شعبہ موجود ہے قطر کے سرمایہ کار استفادہ کریں قطر کی پٹرولیم اور گیس کمپنیوں کی پاکستان میں تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کے شعبہ میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے وہ جمعہ کو دوحہ گروپ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شیخ فلاح بن جاسم بن جبور الثانی سے گفتگو کررہے تھے وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ پاکستان میں دستیاب اقتصادی مواقع سے استفادہ کرتے ہوئے قطری کمپنیوں کو بالخصوص توانائی اور انفراسٹرکچر کے شعبہ جات میں سرمایہ کاری کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ہم قطر کی پٹرولیم اور گیس کمپنیوں کی پاکستان میں تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کے شعبہ میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ دونوں ممالک باہمی تجارت کی سطح بڑھانے کی بہت زیادہ صلاحیت رکھتے ہیں، ہم دوطرفہ تعلقات کے تمام شعبہ جات میں متنوع اور مستحکم روابط کے فروغ کے خواہاں ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان قطر کے ساتھ قریبی اور خوشگوار تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور علاقائی امن و استحکام میں اس کے کردار کی قدر کرتا ہے۔ وزیراعظم نے قطر کے امیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ امیر قطر کی دانشمندانہ قیادت میں قطر نے خطہ میں اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے۔وزیر اعظم نے کہاکہ عالمی توانائی مارکیٹ بالخصوص مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی برآمد میں قطر بہت بڑا حصہ دار ہے اور پاکستان توانائی کے شعبہ میں قطر کے ساتھ تعاون کا خیرمقدم کرے گا۔