لاہور (آزادی نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وہ امریکہ سے جنگ نہیں چاہتے ہیں اور یہ کہ حکومت ان کے ساتھ مل کر ڈرون حملے رکوانے کے لیے امریکہ کے خلاف سٹینڈ لے۔ عمران خان صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں تحریک انصاف نے مہنگائی کے خلاف جلسے اور جلوس کی قیادت کر رہے تھے۔ عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہان کی جماعت امریکہ سے جنگ نہیں چاہتی بلکہ یہ چاہتی ہے کہ ڈرون حملے روکے جائیں اور اس سلسلے میں میاں نواز شریف کو بھی ان کی طرح امریکہ کے سامنے سٹینڈ لینا چاہیے۔ عمران خان نے گیارہ مئی کے انتخابات کے بارے میں امنا موقف دہراتے ہوئے کہا کہ ’گیارہ مئی کو میچ فکس تھا۔‘ مہنگائی کے بارے میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ’غریبوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں اور امرا کا اربوں روپیہ باہر پڑا ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ ’عام آدمی سے ٹیکس اکٹھا کر کے اس کا جینا محال کر دیا ہے مگر حکومت ٹیکس چوروں کو کالا دھن سفید کرنے کے راستے دے رہی ہے۔‘ عمران خان نے کہا کہ ’حکومت غریبوں پر بوجھ نہ ڈالے اور مافیا پر ہاتھ ڈالے۔‘ اس احتجاجی جلوس میں جماعت اسلامی کے سربراہ سید منور حسن اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی شامل ہیں۔ \”عام آدمی سے ٹیکس اکٹھا کر کے اس کا جینا محال کر دیا ہے مگر حکومت ٹیکس چوروں کو کالا دھن سفید کرنے کے راستے دے رہی ہے۔\” اس احتجاجی جلوس کے لیے تحریکِ انصاف نے لاہور کے مختلف علاقوں میں احتجاجی بینرز لگائے ہیں جبکہ شہر کے کئی علاقوں میں کارکنوں کو خوش آمدید کہنے کے لئے خصوصی کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں۔ احتجاجی جلوس اور جلسے کے دوران تحریک انصاف اور پنجاب حکومت کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ استنبول چوک سے پنجاب اسمبلی تک آنے والی راستوں کو خار دار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی بھاری نفری استنبول چوک سے چیئرنگ کراس اور مال روڈ پر تعینات کی گئی ہے۔ پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کو جلوس سے روکا نہیں جائے گا تاہم ہائیکورٹ کے حکم پر مال روڈ پر دفعہ 144 نافذ ہے۔ تحریک انصاف کی قیادت کو عدالتی حکم کی خلاف ورزی نہیں کرنی چاہیے۔ جبکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی جلوس پر امن ہوگی لیکن اگر کسی نے شرارت کی کوشش کی تو ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔