|

وقتِ اشاعت :   December 28 – 2013

کراچی(آزادی نیوز) وزیراعظم نواز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے جہاں پر وہ شہر قائد میں امن و امان کی صورت حال کے سے خصوصی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ روزنامہ آزادی کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کراچی ایئر پورٹ پہنچے تو گورنز سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ان کا استقبال کیا، وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات پرویز رشید بھی موجود ہیں۔ وزیراعظم کی کراچی آمد کے موقع پر ایئرپورٹ سے شاہراہ فیصل جانے والے تمام راستے ٹریفک کے لئے بلاک کر دیئے گئے جس کے بعد وزیراعظم ہیلی کاپٹر کے ذریعے پی این ایس بحریہ کے لئے روانہ ہو گئے ہیں جہاں پر وہ پاک بحریہ کے کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کریں گے۔ اس کے بعد وزیراعظم گورنر ہاؤس میں کراچی میں امن و امان کی صورت حال کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں انہیں کراچی میں جاری ٹارگیٹڈ آپریشن کے دوسرے مرحلے کے نتائج اور تیسرے مرحلے کے آپریشنل پلان کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ وزیراعظم اہم سیاسی اور کاروباری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔