|

وقتِ اشاعت :   January 7 – 2014

پشاور(آزادی نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے وفاق سے پیسکو کے معاملات طے کرنے کے لئے صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان کی سربراہی میں 6 رکنی کمیٹی بنادی تاہم تحریک انصاف کی صوبے میں اتحادی پارٹی جماعت اسلامی نے کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ پشاور میں پیسکو کے معاملات کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ فرمان نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت بھی فوری طور پر کمیٹی تشکیل دے تاکہ مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بجلی چوری اور بدعنوانی کے خاتمے میں ناکام ہوگئی، پیسکو اور واپڈا اہلکار صنعتوں کو بجلی دے رہے ہیں اور بوجھ عوام پر پڑرہا ہے لیکن اب ہمیں متد ہونا ہوگا اور اگر ہمارے مطالبات مانے گئے توعوام کو سستی بجلی فراہم کریں گے۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا کے سینیئر وزیر اور جماعت اسلامی کے رہنما سراج الحق نے روزبامہ آزادی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیسکو کے معاملات کے حوالے سے وفاقی حکومت سے مذاکرات کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی پر اتحادیوں کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پیسکو کا خیبر پختونخوا حکومت کو کنٹرول عوام کے مفاد کے لئے ہونا چاہیے اور تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کو جماعت اسلامی اور دیگر اتحادیوں کے ساتھ قدم بہ قدم پر مشاورت کے بعد کمیٹی تشکیل دینی چاہئے تھی۔