|

وقتِ اشاعت :   January 9 – 2014

خضدار(نامہ نگار)نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میر طاہر بزنجو نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی کو وزارت اعلیٰ کا منصب خیرات میں نہیں ملا پارٹی کو عوامی سطح پر جھالاوان، مکران اور کچھی بولان میں جو کامیابی ملی ہے وہ بہترین حکمت عملی مخلصانہ جدوجہد اور کارکنوں کی محنت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے بتایا کہ بلوچستان کا مسئلہ خالصتاً سیاسی مسئلہ ہے سیاسی مسائل کے حل کیلئے مذاکرات بہترین اور مناسب راستہ ہوتا ہے اور بلوچستان کے مسئلے پر نتیجہ خیز مذاکرات کیلئے یہ ضروری ہے کہ لاپتہ افراد کو منظر عام پر لایا جائے نیشنل پارٹی کو یہ خوشی ہے کہ وفاقی حکومت اور وزیراعظم پاکستان نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ لاپتہ افراد کے مسئلے پر عملی اقدام اٹھائیں گے خضدار میں امن وامان کے متعلق میر طاہر بزنجوں نے کہا کہ خضدار تاریخی اعتبار سے قوم پرستانہ سیاست کا گڑھ رہا ہے مگر افسوس آج خضدار کے عوام یہاں امن کے لئے ترس گئے ہیں میں واضح الفاظ میں بتا دیتا ہوں کہ خضدار میں امن کی بحالی کیلئے ایک صاف اور شفاف انتظامیہ کا ہونا ضروری ہے جو یہاں قانون کی بالادستی قائم کر کے عوام تاجروں ہندو پنچائیت سمیت تمام طبقات کو تحفظ دینے کی صلاحیت رکھتی ہو اس کے علاوہ جھالاوان ایک قبائلی علاقہ ہے خضدار شہر کی رونقوں کی بحالی کیلئے یہاں کے قبائلی اکابرین علماء کرام اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔