|

وقتِ اشاعت :   January 27 – 2014

خبروں کا حصہ رہنے والی اسکینڈل کوئن وینا ملک نے فلمی دنیا سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔ وینا ملک کا کہنا تھا کہ اب وہ فلمی دنیا کا حصہ نہیں رہیں تاہم ایسے اصلاحی پروگرام میں کام کرنا پسند کریں گی جو لوگوں کے لیے مشعل راہ ہوں، دنیا بھر سے مداح انہیں مبارکباد دے رہے ہیں اور انہوں نے بھی لوگوں سے اپنے لیے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔ پاکستان واپسی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر وینا ملک نے کہا کہ کبھی یہ نہیں کہا کہ وہ پاکستان نہیں آئیں گی، میں پاکستان ضرور آؤں گی اور اس کا فیصلہ میرے شوہر کریں گے، میرے شوہر اور میرے خاندان کے زیادہ تر افراد پاکستان امریکا اور دبئی میں مقیم ہیں اس لیے میں زیادہ تر انہی ممالک میں قیام کروں گی۔ واضح رہے کہ وینا ملک ان دنوں عمرے کی ادائیگی کے لیے اپنے شوہر کے ہمراہ سعودی عرب میں موجود ہیں اور وہ گزشتہ دنوں دبئی کے معروف بزنس مین اسد خٹک کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں۔