|

وقتِ اشاعت :   January 28 – 2014

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی حمایت کردی۔ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء اور اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ شریک ہوئے، اس موقع پر ملک میں امن و امان کی مجموعی صورت حال اور طالبان سے مذاکراتی عمل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اجلاس سے خطاب کے دوران وزییر اعظم  نواز شرف نے کہا کہ قانون کی حکمرانی حکومت کی اولین ترجیح ہے لیکن ملک کو سیکیورٹی کے شدید خطرات لاحق ہیں، انہوں نے مشکل ترین حالات میں ملک کا اقتدار سنبھالا ہے، 14سال سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کوئی پالیسی نہیں بنائی گئی۔  انہوں نے کہا کہ حکومت آئین کو تسلیم کرنے والوں کے ساتھ بات چیت کے لئے تیار ہے، اپنی جانیں قربان کرنے والے پاک فوج کے جوان ہمارے ہیرو ہیں اور ان کا خون ضائع نہیں جائے گا، سیکیورٹی فورسز اور عوام پر حملے کرنے والے ملک اور قوم کے دشمن ہیں اور حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کرے گی۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے شرکا کو کراچی سمیت ملک بھر میں امن و امان کی صورت حال اور طالبان سے ممکنہ مذاکراتی رابطوں پر تفصیلی بریفنگ دی جس کے بعد پارلیمانی پارٹی کے ارکان سے مذاکرات یا آپریشن کے حوالے سے رائے پوچھی گئی تو چند ارکان کے علاوہ وہاں موجود اکثریت نے آپریشن کے حق میں رائے دی۔