لندن: لندن پولیس نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں دو افراد کو مطلوب قرار دے کر ان کے نام ظاہر کردئیے ۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق لندن پولیس نے عمران فاروق قتل کیس میں محسن علی سید اور محمد کاشف خان کے نام ظاہر کیے ہیں اور دونوں افراد کے عمران فاروق قتل کیس میں ملوث ہونے کا شبہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے،نشریاتی ادارے کا دعویٰ ہے کہ دونوں افراد عمران فاروق کے قتل سے پہلے اسٹوڈنٹ ویزے پر برطانیہ آئے تھے اور قتل کے تھوڑی دیر بعد برطانیہ چھوڑ کر چلے گئے۔ دونوں افراد کے اسپانسر کانام معظم علی ہے اور اس کا تعلق بھی کراچی سے ہے۔
بی بی سی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ محسن علی اور کاشف خان عمران فاروق کے قتل کے بعد برطانیہ چھوڑ کر سری لنکا منتقل ہوگئے،جہاں سے پاکستان واپسی پر انہیں کراچی میں ایئرپورٹ پر ہی گرفتار کرلیا گیا تاہم دونوں کی باضابطہ گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی ہے،لندن پولیس نے دونوں افراد سے متعلق پاکستان سے بھی رابطہ کرلیا ہے۔