|

وقتِ اشاعت :   April 1 – 2014

لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ متعصب پولیس اہلکاروں کا ڈیتھ اسکواڈ مہاجر کارکنوں کو چن چن کرگرفتارکرکے انہیں قتل کررہا ہے۔ لندن سے جاری اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کی بلاجواز گرفتاری، حراست کے دوران ان پروحشیانہ تشدد اور ماورائے عدالت قتل کے مسلسل واقعات ملک بھر کے انسانیت پسند عوام کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔ کراچی میں آپریشن کی آڑ میں پولیس کے بعض متعصب افسران نے ایک ڈیتھ اسکواڈ بنایا ہے جو مہاجر کارکنوں کو چن چن کر گرفتار کرکے قتل کررہا ہے اور ان کی تشدد زدہ لاشیں پھینک رہا ہے۔ یہ عناصر غیرقانونی اور غیرانسانی اقدامات کرکے ایم کیوایم کے پرامن کارکنان وعوام کو مشتعل کرنے کی سازش کررہے ہیں، جو عناصر آج دوسروں کے بچےقتل کررہے ہیں، کہیں ایسا نہ ہو کہ انہیں بھی قدرت کے مکافات عمل کا سامنا کرنا پڑے۔ الطاف حسین نے کہاکہ شہریوں کی جان ومال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، اس لئے  وزیر اعظم نواز شریف، وفاقی وزیر داخلہ ، گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ایم کیوایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کا فوری نوٹس لیں، ماورائے عدالت قتل میں ملوث سفاک پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت ترین سزا دی جائے اور ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ بند کرایا جائے۔