میر پور: ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لئے ’’مارو یا مرجاؤ‘‘ کے مترادف ہونے والے معرکے میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو شکست دے کر میگا ایونٹ سے باہر کردیا اور خود سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
شیر بنگلا کرکٹ اسٹیڈیم میرپور میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر پاکستان کو 167 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پاکستان کے تمام بلے باز 17 ویں اوور میں صرف 82 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
ویسٹ انڈیز کے ابتدائی بلے باز کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے۔ گیند کو فٹ بال سمجھ کر باؤنڈری سے باہر پھینکنے والے گرس گیل صرف 5 رنز بنا کر ہی کپتان محمد حفیظ کی بال پر اسٹمپ ہوگئے جب کہ ڈیوائن اسمتھ 8 رنز بنا کر سہیل تنویر کی بال پر کامران اکمل کو کیچ دے بیٹھے۔ دو وکٹوں کے نقصان کے بعد لینڈل سیمنز نے ٹیم کو سہارا دیا تاہم وہ بھی 31 رنز بنا کر عمر گل کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے جب کہ مارلن سمیولز 20 رنز بنا کر شاہد آفریدی کی بال پر بولڈ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کے ڈیوائن براوو نے 37 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 46 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور کامران اکمل کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے جب کہ ڈارین سیمی 42 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ہدف کے تعاقب میں جب پاکستان نے بلے بازی کا آغاز کیا تو پہلے اوور میں ہی پاکستان کے احمد شہزاد بغیر کوئی رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جس کے بعد دوسرے اوور میں کامران اکمل کو بھی احمد شہزاد کی یاد ستانے لگی اور وہ بھی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوگئے۔ دو وکٹوں کے نقصان پر کپتان محمد حفیظ نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن وہ بھی صرف 19 رنز ہی جوڑ پائے اور اینڈرے روسل کی بال پر کرس گیل کو کیچ دے بیٹھے۔
ویسٹ انڈیز کے باؤلز کے سامنے پاکستانی بیٹنگ ابتدا میں لڑ کھڑا گئی اور محمد حفیظ، شاہد آفریدی، صہیب مقصود اور سہیل تنویر کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوپایا۔ صہیب مقصود اور شاہد آفریدی 18، 18 جب کہ سہیل تنویر 14 بنا کر نمایا رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شاندار بولنگ کرتےہوئے سنیل نارائن اور سیموئیل بیدری نے 3، 3 جب کہ کرشمر سنتوکی اور اینڈری روسل نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔