اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ افغانستان میں انتخابات کے دوران سرحد بند نہیں کی جائے گی تاہم سیکیورٹی سخت کردی جائے گی۔
دفتر خارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات کی ذمہ داری افغان طالبان نے قبول کرلی ہے، جس کے باوجود پاکستان پر الزام تراشی کسی بھی حوالے سے درست نہیں، پاکستان، افغانستان میں انتخابی عمل کا خیر مقدم کرتا ہے، امید ہے دھمکیوں کے باوجود افغان عوام انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں پرامن انتخابات کا انعقاد افغان سیکیورٹی فورسز کی ذمہ داری ہے تاہم اسلام آباد کابل حکومت کو الیکشن کے انعقاد کے سلسلے میں مدد دینے کو تیار ہے۔ افغانستان میں انتخابات کے موقع پر سرحد کو بند نہیں کیا جائے گا لیکن سیکیورٹی انتظامات کو سخت ضرور کیا جائے گا۔
تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف جلد ایران کا دورہ کریں گے تاہم ابھی دورہ تہران طے نہیں ہوا۔ پاکستان نے ایرانی گارڈز کے واقعے کی مذمت اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا ہے۔ ایرانی حکام کے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو لکھے گئے خط میں دہشت گردی کے مختلف واقعات کا ذکر ہے تاہم اس میں پاکستان کا ذکر نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری ڈرون حملوں کے معاملے میں پاکستان کے موقف کی حمایت کر رہی ہے۔