کراچی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج ملک کو درپیش کثیر الجہتی خطرات سے نمٹنے کے لئے ہر وقت تیار ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کراچی میں سونمیانی رینج کا دورہ کیا جس میں آرمی چیف نے ایئرڈیفنس کی مشتقوں کا جائزہ لیا، ان مشتقوں میں ایئرڈیفنس کے فل رینج ہتھیاروں اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کا بھی استعمال کیا گیا، اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ملک کو کثیر الجہتی خطرات کا سامنا ہے جس کے مقابلے کے لیے ہر وقت اعلیٰ سطح کی تیاریوں کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج ملک کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔
جنرل راحیل شریف نے مشقوں میں حصہ لینے والی یونٹوں کے پیشہ وارانہ معیار اور مہارت کی بھی تعریف کی جبکہ سونمیانی رینج پہنچنے پر ایئر ڈیفنس کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد زاہد لطیف نے آرمی چیف کا اسقبال کیا۔
واضح رہے کہ بعض عناصر کی جانب سے فوج پر بلاجوازتنقید پر جنرل راحیل شریف نے 7 اپریل کو جب غازی بیس تربیلا میں اسپیشل سروسز گروپ کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا تو انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک فوج ہر ادارے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اپنے ادارے کے وقار کا بھی ہر حال میں تحفظ کرے گی۔