|

وقتِ اشاعت :   April 14 – 2014

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)الیکشن کمیشن نے چار مہینے بعد بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے شیڈول کا اعلان کردیا۔ مخصوص نشستوں پر انتخاب 29 مئی کو ہوگا۔الیکشن کمشنر بلوچستان سید سلطان بایزید نے روزنامہ ’’آزادی ‘‘کے نمائندے کو بتایا کہ الیکشن کمیشن اسلام آباد نے بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کے رولز 48 اے کے تحت نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے تحت سات دسمبر کے بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے سات ہزار ایک سو ساٹھ سے زائد نمائندے مخصوص نشستوں پر امیدواروں کا انتخاب کریں گے۔ خواتین ، اقلیتوں ، سوشل ورکرز اور مزدوروں کی چار ہزار پانچ سو اکسٹھ نشستوں کے لئے کاغذات نامزدگی 24اپریل2014ء کو جاری کئے جائیں گے۔28سے 30اپریل کوکاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکیں گے ۔ تمام نامزد امیدواروں کو نوٹس 2مئی 2014ء کو شائع ہو گا اور ان پراعتراضات3مئی2014 ء کو نمٹائے جائیں گے، 4 سے 6مئی2014 ء تک ان کاغذات کی جانچ پڑتال ہوگی اور اسی روز درست نامزدگیوں کی فہرست شائع کی جائے گی۔ 7اور 8مئی2014 ء تک قبول یا مسترد کئے گئے نامزدگیوں کے خلاف اپیل کی جا سکے گی۔ 9سے 12مئی2014ء تک تمام اپیلوں کو نمٹایا جائے گا۔ 13مئی2014ء تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جاسکیں گے جبکہ14مئی2014 ء کو انتخابات میں حصہ لینے والے حتمی امیدواروں کی فہرست بمعہ انتخابی نشانات شائع کی جائے گی۔29مئی کو بلوچستان کے بتیس اضلاع کی میٹرو پولیٹن کارپوریشن، میونسپل کارپوریشن، ڈسٹرکٹ اور یونین کونسلوں میں پولنگ ہوگی۔ 7دسمبر2013ء کے بلدیاتی انتخابات میں براہ راست منتخب ہونے والے بلدیاتی نمائندے مخصوص نشستوں پر امیدواروں کا بلواسطہ انتخاب کریں گے۔ ریٹر ننگ آفیسرز 2جون2014ء کو ان انتخابات کے نتائج کا اعلان کریں گے۔الیکشن کمشنر بلوچستان کے مطابق مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے امیدواروں کی حلف برداری کے بعد بلدیاتی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے یعنی میئر، ڈپٹی میئر سمیت 1452 نشستوں پر انتخابی شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔ الیکشن کمشنر بلوچستان سید سلطان بایزید کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے شیڈول کے اعلان میں تاخیر کی وجہ بلوچستان لوکل گورنمنٹ کے رولز میں پایا جانے والا ابہام تھا۔ صوبائی حکومت کی جانب سے اس ابہام کو دور کرنے کے بعد الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کیا۔