|

وقتِ اشاعت :   April 18 – 2014

کوئٹہ +اندرون بلوچستان (اسٹاف رپورٹر +نامہ نگاران ) شہدائے زہری کی پہلی برسی کے موقع پرصوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی جس کے دوران تمام چھوٹے بڑے تجارتی مراکز بند رہے جبکہ اس موقع پر تعزیتی ریفرنسز کا بھی انعقاد کیا گیا ۔ کوئٹہ میں ہڑتال کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے شہر بھر میں نہ صرف سیکورٹی فورسز کا گشت جاری رہا بلکہ مشکوک افراد اور گاڑیوں کی تلاشی کا سلسلہ بھی دن بھر جاری تھا ، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے بعض نواحی علاقوں میں دکانیں کھلی رہی تاہم شہر کے وسطی علاقوں میں کاروبار زندگی معطل رہا ۔ کوئٹہ کے علاوہ خضدا ر، ژوب ، نصیرآباد ، قلات ، اوستہ محمد ، لورالائی سمیت مختلف شہروں میں بھی شٹرڈاؤن ہڑتال رہی ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اپیل پرسانحہ زہری میں ملوث ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف خضدار اور ملحقہ علاقوں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی اس موقع پر اہم تجارتی اور کاروباری مراکز سمیت بینک ہوٹل میڈیکل اسٹور پیٹرول پمپ بھی بند رہے دور دراز سے آنے والے خریداروں کو اشیاء صرف کی خریداری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب کہ میڈیکل اسٹور وں کی بندش سے ادویات کی حصول میں بھی دقت کا سامنا کرنا پڑا کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر سفر کرنے والے گاڑی مالکان کو بھی پیٹرول اور ڈیزل نہ ملنے کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اس موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے پولیس اہم چوراہوں پر چوکس رہی، مسلم لیگ (ن ) کی کال پر صحبت پور میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال رہی تمام کاروباری مراکز بند رہے مسلم لیگ (ن) ضلع صحبت پور کے صدر محمد حسین گولہ کی قیادت میں ایک پُر امن احتجاج کیا گیا سانحہ زہری کے تیسرے دن شہدائے زہری نے جوقربانی دی ہے توتاریخ میں سنہری حروف میں درج ہے شہدائے زہری نے بلوچستان میں گہرے نقوش چھوڑے ہیں شہداء کی عظیم قربانی وطن عزیز کے لئے ہے نواب ثناء اللہ زہری کو ایک پاکستانی کی حیثیت سے سبز جھنڈا لگانے کی سزا دی گئی ہے جب کہ نواب صاحب نے اس قربانی کو فرادگی سے قبول کیااور شہدائے زہری کے مشن کو تاحیات جاری رکھنا کارکنوں کا کام ہے نوابزادہ شہید شکندر خان زہری ،شہید میر مہراللہ خان زہری ، شہید میر زیب خان زہری رہتی دنیا تک امر ہوگئے قاتل تمام عمر شرمندہ رہے گا شہدائے زہری نے ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا مسلم لیگ (ن) کا ایک ایک کارکن اپنے محبوب لیڈر نواب ثناء اللہ زہری پر قربان مسلم لیگ (ن) صحبت پور کے ضلعی صدر محمد حسین گولہ ضلعی جنرل سکریٹری محمد اقبال عباسی نے ان تمام تاجروں،ٹرانسپوٹروں اور صحافی حضرات کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے سانحہ زہری کے احتجاج کے دوران بھرپور انداز میں ساتھ دیا اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں جنہوں نے دن رات احتجاج کوکامیاب کرنے کے لیے انتھک محنت کی میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) چاغی کی کال پر دالبندین مکمل طور پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی جس کی وجہ سے تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز مارکیٹیں اور پلازے بند ہونے کی وجہ سے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اس کیساتھ ساتھ شہر میں ٹریفک بھی معمول سے انتہائی کم دکھائی دی شٹر ڈاؤن ہڑتال ضلعی صدر سردار نجیب سنجرانی کی قیادت میں ہوئی شٹر ڈاؤن کے دوارن کاروباری مراکز بند کئے گئے لیکن شہر میں تمام میڈیکل سٹورز کھلے رہے۔ شہدائے زہری کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف مسلم لیگ ن کی مرکزی کال پر سوراب اور گدر میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال رہی اس موقع پر تمام کاروباری مراکز ہوٹلز میڈیکل اسٹورز مارکیٹیں مکمل طور پر بند رہیں ۔ شہداء زہری کے قاتلوں کی گرفتاری کیخلاف قلات میں بھی جمعہ کے روز مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال رہی شٹرڈاؤن ہڑتال کے دوران تمام کاروباری ادارے بینک مارکیٹیں مکمل طور پر بند رہے جبکہ مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے بھی کئے۔ ثناء اللہ زہری کے بیٹے اور دیگر رشتہ داروں کی شہادت پر ان کی پہلی برسی کے موقع پر پنجگور میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال رہی اس دوران کاروباری مراکز ہوٹل بینک بند رہے اور سڑکوں پر ٹریفک معمول سے کم رہی شہدائے زہری کی برسی کے موقع پر مسلم لیگ ن پنجگور کے جنرل سیکرٹری اشرف ساگر کی رہائش گاہ پر فاتحہ خوانی کا اہتمام اور لنگر تقسیم کیا گیا۔ بلوچستان بھر کی طرح گنداواہ میں بھی مسلم لیگ ن کی صوبائی کال پر شہدائے زہری کی برسی منائی گئی شہداء زہری کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر سردار زادہ میر جلال خان لاشاری کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مکمل شٹرڈاؤن بھی رہا احتجاجی ریلی تحصیل چوک سے ہوتی ہوئی بازار سے بس اڈہ پہنچی اور بعد میں مظاہرین پریس کلب کے سامنے پہنچے اور دھرنا دیا۔بلوچستان کے دوسرے شہروں کی طرح ڈیرہ مراد جمالی میں بھی مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی گئی دکانیں بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنماء میر فاضل خان پندرانی کی زیر قیادت پریس کلب کے سامنے بھر پور احتجاج اور دھرنا دیا گیا شہدائے زہری کو خراج تحسین پیش کیا گیا میر فاضل خان پندرانی ڈاکٹر جاوید زہری خان بنگلزئی ڈاکٹر شکر خان ساجد محمد ایوب محمد حسن عنایت اللہ نظام الدین ودیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ سانحہ زہری کے خلاف مسلم لیگ ن کی کال پر ژوب میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر ملک نصر اللہ شمام زئی یوتھ ونگ کے ضلعی صدر اجمل اعوان اسحاق خٹک مولا داد قریشی ودیگر نے بازار میں ٹائر جلا کر احتجاج کیا شٹرڈاؤن ہڑتال کی وجہ سے کاروباری حلقوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ضلعی رہنماؤں نے کہا کہ شہداء زہری کا خون رائیگاں نہیں جائیگا مسلم لیگ کی قیادت کی جرأت مندانہ اقدامات کی وجہ سے جمہوریت قائم ودائم ہے سانحہ زہری مسلم لیگ کے کارکنوں کو جموہری اقدام سے دور رکھنے کی سازش تھی لیکن شہداء کے خون کی بدولت مسلم لیگ اکثریتی پارٹی بن کر ابھری ہے۔ لورالائی میں پاکستان مسلم لیگ ن نے زہری شہداء کی یاد میں مکمل شٹرڈاؤن رہا تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند رہے کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوا دوپہر کو ایک جلسہ منعقد کیا گیا جس سے ایم پی اے سردار در محمد ناصر شیر جمال شاہ کاکڑ نے ٹیلیفونک جبکہ مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری عبدالناصر خان ناصر سینئر نائب صدر ملک اختر حمزہ زئی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم لورالائی کے عوام ٹرانسپورٹروں تاجروں شہریوں میڈیا کے نمائندوں تمام مکتبہ فکر مسلم لیگ ن کے کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہمارے تین روزہ پہیہ جام ومظاہروں شٹرڈاؤن ہڑتال میں بھر پور حصہ لیا۔