اسلام آباد: سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کو علاج کے لئے وفاقی دارالحکومت سے کراچی منتقل کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
صدر پرویز مشرف پرائیویٹ چارٹرڈ طیارے کے ذریعے کسی بھی وقت کراچی کے لئے روانہ ہو سکتے ہیں جس کے لئے خصوصی طیارہ بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچ چکا ہے۔ سابق صدر کی کراچی آمد پر ٹرمنل ون کو طیارے کی لینڈنگ کے لئے احکامات موصول ہوگئے۔ پرویز مشرف کراچی پہنچ کر ڈی ایچ اے میں جنرل ہاؤس میں قیام کریں گے۔
سابق صدر پرویز مشرف کراچی میں نیول اسپتال پی این ایس شفاء میں اپنا علاج کرائیں گے اور ڈاکٹرز نے بھی انہیں سفر کی اجازت دے دی ہے۔ سابق صدر کی کراچی روانگی کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی جب کہ کراچی میں ان کی سیکیورٹی کی تمام ذمہ داریاں محکمہ داخلہ سندھ کے سپرد کردی گئیں۔
واضح رہے کہ پرویز مشرف دل کی تکلیف کے باعث 3 ماہ راولپنڈی کے آرمڈ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (اے ایف آئی سی) میں زیر علاج رہنے کے بعد چند روز قبل ہی اپنے اسلام آباد میں فارم ہاؤس چک شہزاد منتقل ہوئے تھے۔