|

وقتِ اشاعت :   April 19 – 2014

کراچی: سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف علاج کی غرض سے اسلام آباد سے کراچی پہنچ گئے جہاں وہ اپنی صاحبزادی کے گھر ڈیفنس میں منتقل ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف علاج کی غرض سے اسلام آباد سے کراچی اپنی صاحبزادی کے گھر زمزمہ ولاز پہنچ گئے، اسلام آباد میں پرویز مشرف کو ان کے  فارم ہاؤس چک شہزاد سے انتہائی سخت سیکیورٹی میں بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ لایا گیا جہاں وہ خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی کے لئے روانہ ہوئے۔

سابق صدر پرویز مشرف کا طیارہ جب کراچی ایئرپورٹ پر اترا تو وہاں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیےگئے تھے، سابق صدر کے طیارے نے جناح ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون پر لینڈ کیا جہاں سے وہ انتہائی سخت سیکیورٹی میں اپنی صاحبزادی کے گھر زمزمہ ولاز جنرل کالونی روانہ ہوئے۔پرویز مشرف بم پروف گاڑی میں کراچی ایئرپورٹ سے روانہ ہوئے اور ان کی سیکیورٹی کے لیے مزید 4 بکتربند گاڑیاں بھی فراہم کی گئی تھیں۔  پرویز مشرف کی کراچی آمد کے موقع سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایئرپورٹ سے زمزمہ تک کے راستے میں ایک ہزار سیکیورٹی اہلکار تعینات تھے جن میں رینجرز پولیس اور ٹریفک پولیس کے اہلکار شامل تھے۔

سابق صدر کی ایئرپورٹ سے روانگی کے موقع پر شارع فیصل کو عام ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا تھا  جبکہ شارع فیصل پر موجود تمام پیٹرول  پمپس اور دیگر ملحقہ سڑکوں کو بھی بند کیا گیا تھا۔ پرویز مشرف کی قیام گاہ زمزمہ جنرل کالونی میں بھی سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں جہاں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے اور ان کی رہائش گاہ کے قریب خیابان توحیدکو بھی کنٹینر لگا کر بلا ک کردیاگیا ہے۔

واضح رہے کہ پرویز مشرف دل کی تکلیف کے باعث 3 ماہ راولپنڈی کے آرمڈ انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (اے ایف آئی سی) میں زیر علاج رہنے کے بعد چند روز قبل ہی اپنے اسلام آباد میں فارم ہاؤس چک شہزاد منتقل ہوئے تھے۔ اب سابق صدر کراچی میں نیول اسپتال پی این ایس شفاء میں اپنا علاج کرائیں گے