کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کے درمیان ملاقات ہوئی ہے جس میں ایم کیو ایم کے صوبائی حکومت میں شمولیت کے حوالے سے تمام امور طے پاگئے ہیں۔
گورنر ہاؤس کراچی میں ہونے والی اس ملاقات میں گورنر سندھ نے ایم کیو ایم کی جانب سے صوبائی حکومت میں شمولیت کے حوالے سے تمام تحفظات پیش کئے جس پر رحمان ملک نے ان کے تمام تحفطات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے معاملات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کو صوبائی حکومت میں بلدیات، صنعت اور محنت سمیت 4 وزارتوں کے قلمدان ملیں گے جبکہ ایم کیو ایم کے 2 مشیر بھی مقرر کئے جائیں گے جن کا عہدہ بھی صوبائی وزیر کے برابر ہوگا۔ دونوں جماعتوں کے درمیان امور طے پانے کے بعد ایم کیو ایم کی جانب سے رؤف صدیقی، خواجہ اظہار الحسن، سید سردار احمد اور عادل صدیقی آج شام گورنر ہاؤس میں وزارتوں کا حلف اٹھائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی قیادت کے درمیان سندھ حکومت میں شمولیت کے لئے درپردہ مذاکرات جاری تھے اور اس سلسلے میں حال میں ہی ایم کیو ایم کے ایک وفد نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری سے دبئی میں ملاقات بھی کی تھی۔