|

وقتِ اشاعت :   May 8 – 2014

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثٓار علی نے کہا ہےکہ حکومت انتخابی اصلاحات کے لیے تیار ہے جبکہ عام انتخابات سے پہلے پارلیمنٹ میں موجود اور اس سے باہر تمام جماعتوں کی مشاورت سے ہی چیف الیکشن کمشنر کا تقرر کیا گیا تھا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے اٹھائے گئے نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ حکومت انتخابی اصلاحات لانے کے لیے حزب اختلاف کے ساتھ مل کر بیٹھنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات سے پہلے پارلیمنٹ میں موجود اور پارلیمنٹ سے باہر تمام جماعتوں کی مشاورت سے چیف الیکشن کمشنر کا تقرر کیا گیا جن میں فخرالدین جی ابراہیم کا نام تجویز کرنے میں تحریک انصاف سرفہرست تھی۔

ڈی چوک پر تحریک انصاف کے جلسے سے متعلق وزیرداخلہ نے کہا کہ ہمیں پر امن طریقے سے جمہوری اور سیاسی انداز میں احتجاج پر کوئی اعتراض نہیں تاہم احتجاج کے لیے طریقہ کار وضع کیا جانا چاہئے۔  انہوں نے کہا کہ ہم یقین دلاتے ہیں کہ اسلام آباد انتظامیہ تحریک انصاف کے احتجاج کے انعقاد میں مکمل تعاون کرے گی۔

اس سے قبل تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے حکومت سے درخواست کہ وہ ان کے احتجاج کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ کرے کیونکہ یہ ہمارا جمہوری حق ہے۔ چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہماری جماعت اس تاثر کو مسترد کرتی ہے کہ ہم جمہوری عمل کو پٹری سے اتارنے چاہتے ہیں۔