|

وقتِ اشاعت :   May 8 – 2014

کراچی (ظفراحمدخان) شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں تین افراد جاں بحق اور4 زخمی ہوگئے جبکہ گزشتہ روز فائرنگ سے زخمی ہونے والا متحدہ قومی موومنٹ کا رکن دوران علاج چل بسا ۔ ڈیفنس تھانے کی حدود مین کورنگی روڈ کالا پل نیشنل میڈیکل سینٹر کے قریب منشیات فروشوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں گولیاں لگنے سے دو افراد شدید زخمی ہوگئے ، فائرنگ سے کورنگی روڈ پر کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں اور پھگدڑ مچ گئی، زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا تاہم دونوں جانبر نہ ہو سکے۔ ہلاک شدگان کی شناخت 30سالہ بلال عرف پینڈو ولد محمد صادق اور 35سالہ ہارون رشید ولد عبدالرشید کے ناموں سے ہوئی جو کہ محمود آباد چنیسر گوٹھ کے رہائشی تھے جبکہ مقتول ہارون رشید کا آبائی تعلق راولپنڈی سے ہے۔ ایس ایچ او ڈیفنس عبید خان نے بتایا کہ مقتول بلال چنیسر گوٹھ کے بدنام زمانہ منشیا ت فروش اشوک کے خاص کارندے فرحان عرف جبل کا دست راست تھا اور مقتولین عادی جرائم پیشہ ہیں جنکے خلاف منشیات فروشی، اسلحہ برآمدگی، اقدام قتل اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے موقع سے ایک مبینہ ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ہے جس سے تفتیش کی جارہی ہے۔ پولیس ملزم کا نام بتانے سے گریز کر رہی ہے ،پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے بعد ملزم کا نام ظاہر کیا جائے گا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک شدگان کے قبضے سے بھی ایک پستول اور موٹر سائیکل نمبر KGL-9202بر آمد ہوئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق حملے میں بدنام منشیات فروش عادل کشمیری کے کارندے ملوث ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول بلال عرف پینڈو نے یاسر ولد مصطفی کے نام سے ایک جعلی شناختی کارڈ بنایا ہوا تھا جو کہ اسکی جیب سے بر آمد ہوا ہے، مذکورہ شناختی کارڈ پر اسکا پتہ نواب شاہ کا تحریر ہے تاہم بلال کو چند ماہ قبل ہی ڈیفنس پولیس نے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار کیا تھا اور وہ آجکل ضمانت پر تھا جسکی بنا پر پولیس نے اسے شناخت کر لیا۔ پولیس واقعہ کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔ ادھر گبول ٹاؤن صنعتی ایریا تھانے کی حدود سیکٹر 16 شفیق کالونی راجپوت محلہ میں ندی کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 28 سالہ محمد عمر ولد محمد حسن دو گولیاں لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ پولیس نے فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔ اس حوالے سے ایس ایچ او عابد حسین نے بتایا کہ مقتول مقتول محمد عمر ، حسن نعمان کالونی مچھر کالونی کا رہائشی اور پیشے سے ڈرائیور تھا۔ محمد عمر کا منگل کے روز اپنے دوست زاہد، کامران اور کمانڈو نامی شخص سے کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا تاہم اہل محلہ نے بیچ بچاؤ کرایا اور انکے درمیان صلح کرا دی تھی ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ قتل میں مقتول کے دوست ہی ملوث ہیں تاہم ملزمان کی گرفتاری کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ قبل ازیں الفلاح تھانے کی حدود ملیر ابراہیم ولاز میں گزشتہ روز فائرنگ سے زخمی ہونے والے متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن عیفان احمد جناح اسپتال میں دوران علاج زخموں کو تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ اس حوالے سے ڈی ایس پی فخر الاسلام نے بتایا کہ گزشتہ روز ہونے ولے مذکورہ واقعہ میں عیفان احمد کا ایک ساتھی احمر جاں بحق اور عیفان زخمی ہوگیا تھا تاہم دوران علاج عیفان بھی چل بسا۔ خواجہ اجمیر نگری تھانے کی حدود نارتھ کراچی سیکٹر 5-C/4 اوصاف کلینک کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے30 سالہ اقبال زخمی ہوگیا۔ ایس ایچ او خواجہ اجمیر نگری اسلم کھکھرانی کا کہنا ہے کہ پولیس جب اطلاع ملنے پر اسپتال پہنچی تو زخمی اقبال طبی امداد لینے کے بعد بغیر پولیس کارروائی کے جا چکا تھا زخمی نے اسپتال کے عملے کو جو موبائل نمبر دیا تھا وہ غلط ہے پولیس نے اصل حقائق کی جانچ کے لئے زخمی اقبال کی تلاش شروع کر دی ہے۔ بوٹ بیسن تھانے کی حدود کلفٹن شیریں جناح کالونی میں ضیاء الدین اسپتال کے قریب لوٹ مار کی مزاحمت کرنے پر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 70 سالہ بابا ولد شجاع محمد زخمی ہوگیا پولیس واقعہ سے لا علمی ظاہر کر رہی ہے۔ جبکہ دوسرے واقعہ میں بوٹ بیسن کے علاقے شیریں جناح کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 25 سالہ اسمٰعیل ولد محمد شاہ شدید زخمی ہوگیا۔ نیو کراچی کے علاقے سیکٹر 11-D میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 30سالہ اللہ رکھا ولد یوسف زخمی ہوگیا، تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔