|

وقتِ اشاعت :   May 10 – 2014

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف شروع سے ہی امپائرز کو ساتھ ملا کر کھیلنے کے عادی ہیں لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ میاں صاحب نیو ٹرل امپائر سے کھیلنا سیکھیں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پر امن احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے جب کہ حکومت عوام کو جسلے میں آنے سے روکنے کے لئے مختلف قسم کے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، جیو ٹی وی حکومت کا میڈیا سیل بنا ہوا ہے اور عوام کے ٹیکس کے پیسے سے جیو پر اشتہارات چلائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت کے بقول تحریک انصاف کی سونامی نالہ لئی میں بہہ جائے گی تو خوف کس بات کا ہے، کیوں ہمارے کارکنوں کو روکا اورگرفتار کیا جا رہا ہے اور ٹرانسپورٹرز کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کو پرامن اجتجاج سے روکا گیا تو اس سے انتشار پھیلے گا اور آئندہ جو ردعمل سامنے آئے گا حکومت اسے روک نہیں سکے گی، جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی آمریت کے دور میں بھی ہمیں پر امن احتجاج سے اس طرح نہیں روکا گیا جس طرح موجودہ حکومت روک رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کارکنوں کو پولیس اور ڈی سی اوز کے ذریعے جلسے میں آنے سے روکا جا رہا ہے۔ چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ  پیپلز پارٹی، مسلم لیگ(ق) اور ایم کیو ایم سمیت تمام سیاسی جماعتوں کا کہنا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی، ہم نے مڈ ٹرم انتخابات کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ صرف اتنا کہا ہے کہ صرف 4 حلقوں میں دوبارہ سے ووٹوں کی گنتی کرا دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم جمہوری نظام کو ٹھیک کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لئے انتخابی نظام کا ٹھیک ہونا بہت ضروری ہے، کل سے شروع ہونے والی تحریک انتخابی نظام میں بہتری اور عام انتخابات میں دھاندلی کرنے والوں کو سزائیں دینے تک جاری رہے گی۔