|

وقتِ اشاعت :   May 12 – 2014

اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی جانب سے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات پر الیکشن کمیشن کے ارکان نے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ارکان نے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی جانب سے لگائے جانےوالے دھاندلی کے الزامات میں الیکشن کمیشن کو ملوث قرار دیئے جانے پر قائم مقام چیف الیکشن کمشنر جسٹس ناصر الملک کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ارکان اپنے تحفظات سے چیف الیکشن کمشنر کو آگاہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے ارکان کا کہنا ہےکہ کمیشن کے چاروں ارکان کا تقرر میرٹ پر ہوا ہے اور عمران خان کی جانب سے تنقید بلاجواز ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہےکہ ارکان کی جانب سے لکھے جانے والے خط میں چیف الیکشن کمشنر سے الزامات کا جواب دینے کی درخواست کی جائے گی۔ واضح رہے کہ عمران خان نے عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو دھاندلی میں ملوث قرار دیتے ہوئےان انتخابات کو ملک کا بدترین الیکشن قرار دیا تھا جبکہ  اتوار کو اسلام آباد کے ڈی چوک پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا  کہ جب تک نئے الیکشن کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ پورا نہیں ہو جاتا تب تک ہر جمعہ کو الیکشن کمیشن کے باہرمظاہرہ کیا جائے گا۔