|

وقتِ اشاعت :   May 14 – 2014

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش خطرات کا مؤثر جواب دینے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے جہلم میں ٹلہ رینج کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سینٹرل کمانڈ کی جنگی مشقوں کا معائنہ کیا اور مشقوں میں مصروف فوجی جوانوں کی  پیشہ ورانہ مہارت اور جذبے کو سراہا۔ ٹلہ رینج میں جاری مشقوں میں پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں اور توپ خانے سمیت بڑے ہتھیاروں کے نظام نے بھی حصہ لیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ زمانہ امن میں سخت تربیت اور تیاری کا اعلیٰ ترین معیار ہی امن کا واحد ضامن ہے، ملک کو درپیش خطرات کا مؤثر جواب دینے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے جب کہ فوج کی آپریشنل صلاحیتں برقرار رکھنےکے لئے تمام دستیاب وسائل فراہم کئے جائیں گے۔