|

وقتِ اشاعت :   May 17 – 2014

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں 4 اغواکاروں سمیت 6 ملزمان ہلاک ہوگئے۔ کراچی کے علاقے گلشن معمار میں سپر ہائی وے سائیٹ کے قریب اینٹی وائلنٹ کرائم سیل اور سی پی ایل سی نے 14 مئی کو تاوان کے لئے اغوا کئے گئے مقامی تاجر کی بازیابی کے لئے مشترکہ کارروائی کی۔ پولیس کے پہنچنے پر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی جوابی فائرنگ میں 4 ملزمان شدید زخمی ہوگئے جنہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین نے مغوی کے اہل خانہ سے تاوان کی مد میں 10 لاکھ روپے مطالبہ کیا تھا، ڈی آئی جی سی آئی اے سلطان خواجہ نے مغوی کو بازیاب کرانے والی ٹیم کے لئے تین لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے دوسری جانب لیاری کے علاقے چاکیواڑہ اورسنگھولین میں بھی پولیس سے مسلح تصادم کے نتیجے میں 2 ملزمان ہلاک ہوگئے، دونوں ملزمان کا تعلق لیاری گنگ وار سے بتایا جارہا ہے۔