مانسہرہ: جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانافضل الرحمان نے کہا ہے کہ جیو کی طرف سے اہل بیت کی شان میں گستاخی پر معافی مانگنا کافی نہیں بلکہ اس اقدام پر اداروں کو حرکت میں آنا چاہیے۔
مانسہرہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےمولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان اور اسلام کےخلاف سازش کرنےوالوں کےخلاف ایکشن ہونا چاہیے، جیو کی جانب سے پروگرام میں اہل بیت کی شان میں گستاخی پر معافی مانگنا کافی نہیں بلکہ اس اقدام پر اداروں کو حرکت میں آنا چاہیے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے تحریک انصاف شور مچارہی ہے اگر دھاندلی ہوئی ہے تو خیبرپختونخوا میں بننے والی حکومت بھی اسی دھاندلی کا نتیجہ ہے جب کہ تحریک انصاف صوبے میں مغرب کا ایجنڈا لارہی ہے۔ حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات سے متعلق انہوں نے کہاکہ مذاکرات جیسے پہلے دن تھے ویسے ہی آج ہیں۔