|

وقتِ اشاعت :   May 21 – 2014

شمالی وزیرستان: میران شاہ اور میر علی سمیت ایجنسی کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے جیٹ طیاروں اور گن شپ ہیلی کاپٹرز کی  مدد سے شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کے نتیجے میں 50 دہشت گرد ہلاک جب کہ 25 زخمی ہو گئے۔ عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ اور میر علی سمیت مختلف علاقوں میں شدت پسندوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر جیٹ طیاروں اور گن شپ ہیلی کاپٹرز کی مدد سے بمباری کی جس کے نتیجے میں 50 دہشت گرد ہلاک جب کہ 25 زخمی ہو گئے، بمباری سے شدت پسندوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر بمباری کا فیصلہ گزشتہ روز وزیراعظم کی ریز صدارت ہونے والے اعلی سطح کے اجلاس میں کیا گیا تھا، اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا تھا جہاں بھی دہشت گردی ہو گی وہاں موثر جوابی کارروائی کی جائے گی۔ دوسری جانب پولیٹیکل انتظامیہ نے شمالی وزیرستان ایجنسی میں غیر معینہ مدت کے لئے کرفیو نافذ کر دیا ہے جب کہ خلاف وزری کرنے والوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم ہے۔ ذرائع کا کہنا ہہ کہ میرانشاہ میں گن شپ ہیلی کاپٹروں نے شدت پسندوں کے ٹھکانوں پرشیلنگ کی جس میں 15 شدت پسند مارے گئے اور متعدد زخمی ہوگئے، کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد پشاوردھماکے، باجوڑ اورمہند ایجنسی میں عام شہریوں کے قتل اورفورسزپرحملوں میں ملوث تھے۔