اسلام آباد: وزیرخزانہ اسحاق ڈٓار نے کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیوٹی کی چھوٹ برقرار رہے گی جبکہ ٹیکس کی ایسی رعایت ختم نہیں ہوگی جس سے مہنگائی میں اضافہ ہو۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈارکی زیر صدارت آئندہ مالی سال کے لیے بجٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اجلاس کے دوران بجٹ سے متعلق متعدد تجاویز پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ٹیکس کی ایسی رعایت ختم نہیں ہوگی جس سے مہنگائی میں اضافہ ہو جبکہ سیلز ٹیکس کی شرح میں تبدیلی کے لیے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہےاور ٹیکس رجسٹریشن کی حوصلہ افزائی کے لیے اسکیم بھی شروع کی جائے گی۔
وفاقی وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل پر ڈیوٹی کی چھوٹ برقرار رہے گی،حکومت سرمایہ کاروں اور تاجروں کو بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک ہمارا ہے ہم مل کراس کے نظام کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔