|

وقتِ اشاعت :   May 24 – 2014

اسلام آباد: وزیرداخلہ چوہدری نثار نے عمران خان کے شمالی وزیرستان میں آپریشن سے متعلق بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہےکہ شمالی وزیرستان میں بھرپورفوجی کارروائی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا بلکہ حالیہ فضائی کارروائیاں پہلے سے کیے گئے فیصلوں کا تسلسل ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ  وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی سے متعلق اجلاس میں سرحدوں کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں  شمالی وزیرستان میں بھرپورفوجی کارروائی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا بلکہ حالیہ فضائی کارروائیاں پہلے سے کیے گئے فیصلوں کا تسلسل ہیں۔ گزشتہ روزپارلیمنٹ ہاؤس میں پیش آنےوالے واقعے پر چوہدری نثار نے کہا کہ اسلام آباد کی سیکیورٹی فوج کے حوالے نہیں کی جارہی ہے بلکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھائی جارہی ہے۔ انہوں نے شہریوں کو دہشت گردکارروائیوں کے خطرات کے پیش نظر محتاط رہنے کی بھی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے  شمالی وزیرستان میں فوج کی جانب سے فضائی کارروائی کو تشویشناک قراردیتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت بھرپور زمینی کارروائی کی جانب بڑھ رہی ہے ۔