|

وقتِ اشاعت :   May 25 – 2014

کراچی: ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہےکہ الطاف حسین کے خلاف سازش پاکستان کے محکوم عوام کے خلاف سازش ہے اور ہم مخالفین کو بتانا چاہتے ہیں کہ الطاف حسین اور ایم کیوایم کے خلاف سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ الطاف حسین کو کوئی کارکنوں سے دور نہیں رکھ سکتا ان کے خلاف سازش پاکستان کے محکوم عوام کے خلاف سازش ہے،ہم مخالفین کو بتانا چاہتے ہیں کہ الطاف حسین کے خلاف ہرسازش کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین ہی حقیقی معنوں میں پاکستان کی حالت بدل سکتے ہیں کیونکہ کرپٹ نظام کو نظریاتی سیاست سے ہی ختم کیا جاسکتا ہے اور الطاف حسین نظریاتی سیاست کررہے ہیں۔ فاروق ستار نے کہا کہ ہم ملک میں بیروزگاری کا خاتمہ اور مقامی حکومتوں کا موثر نظام چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کی ریلی کرپٹ سیاسی کلچر، اسٹیٹس کو کے خاتمے اورسیاسی ،سماجی و عدالتی اصلاحات کے لیے آغاز ہے جبکہ ریلی اس بات کا بھی اعادہ کرے گی کہ ایم کیو ایم ایک عوامی جماعت ہے ۔ واضح رہے کہ ایم کیو ایم کی جانب سے آج الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لیے کراچی تبت سینٹر پر ریلی نکالی جائے گی ۔