لاہور: وزیر اعظم نواز شریف نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے بھارت پہنچ گئے۔
وزیر اعظم نواز شریف لاہور سے نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹر نیشنل پہنچے تو ان کا استقبال بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سمیت دیگر حکام اور بھارتی اہلکاروں نے کیا، وزیر اعظم کے ہمراہ ان کے پولیٹیکل سیکریٹری آصف کرمانی، مشیر خارجہ سرتاج عزیز ، طارق فاطمی، سیکریٹری خارجہ اور ان کے صاحبزادے حسین نواز کے علاوہ دیگر شخصیات بھی موجود ہیں۔ اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم نواز شریف بھارت کے نامزد وزیر اعظم کی حلف برداری میں شرکت کے علاوہ بھارتی صدر پرناب مکھرجی اور نو منتخب ہم منصب نریندر مودی کے علاوہ بھارت کی اہم سیاسی جماعتوں کے سربراہان سے ملاقات کریں گے۔ جس میں پاک بھارت مذاکراتی عمل کی بحالی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
نئی دہلی روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سےدوستی ہماری ترجیحات میں شامل ہے، وہ بھارت امن کا پیغام لے کر جارہے ہیں کیونکہ مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں، اسی کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری آئے گی۔