شمالی وزیر ستان: بنوں اور شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کے دھماکوں میں 6 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق جب کہ 5 زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے اطلاعات عامہ کے محکمہ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے نوشر قلعہ میں شدت پسندوں نے سڑک کنارے 2 بارودی سرنگیں نصب کر رکھی تھیں جیسے ہی پاک فوج کا قافلہ اس مقام سے گزرا تو زوردار دھماکا ہو گیا جس کے نتیجے میں 2 جوان جاں بحق جب کہ 3 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انھیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
دوسری جانب بنوں کے علاقے تودا چنہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 3 جوان جاں بحق اور ایک کیپٹن سمیت 2 اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد جاں بحق اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کو سی ایم ایچ بنوں منتقل کردیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔