|

وقتِ اشاعت :   June 4 – 2014

کراچی / حیدرآباد: لندن میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی گرفتاری کے خلاف شہر قائد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں کاروبار زندگی مکمل طور پر معطل ہے۔ کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں الطاف حسین کی گرفتاری کے بعد آج بھی ہو کا عالم ہے، صبح سویرے کھلنے والی دکانیں، ہوٹل، پیٹرول پمپس، تمام کاروباری اور تجارتی مراکز اور متعدد پٹرول پمپس بھی بند ہیں جب کہ سڑکوں پر ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے جس کے باعث سرکاری اور نجی دفاتر میں بھی ملازمین کی حاضری معمول سے کم ہے۔ شہر کی صورتحال کے باعث انٹر اور ٹیکنیکل بورڈ نے آج ہونے والے تمام پرچے ملتوی کر دیئے ہیں جب کہ جامعہ کراچی، وفاقی اردو، سرسید اور جناح یونی ورسٹی میں بھی تدریسی عمل بند اور آج ہونے والے تمام پرچے ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چیرمین سندھ تاجر اتحاد جمیل میمن کا کہنا ہے کہ آج کراچی کے تمام کاروباری مراکز بند رہیں گے جب کہ کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد اور موٹر سائیکل رکشہ ڈرائیورز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حالات دیکھ کر گاڑیاں سڑکوں پر لانے کا اعلان کیا جائے گا۔ دوسری جانب حیدرآباد، سکھر، نوابشاہ اور لاڑکانہ سمیت اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں بھی الطاف حسین کی گرفتاری کے خلاف سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب اورکاروبار زندگی مکمل طور پر معطل ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔