اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو پاسپورٹ اور شناختی کارڈ جاری کر دیا گیا۔
اسلام آباد میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرسن میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ الطاف حسین کی شہریت کے حوالے سے کبھی کوئی ابہام نہیں تھا، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے مخصوص شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے اجرا کے معاملے میں کچھ تکنیکی معاملات رکاوٹ بن رہے تھے تاہم اب وہ بھی حل ہوگئے ہیں جس کے بعد ایم کیو ایم کے قائد کو گزشتہ روز قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2 ماہ قبل ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے نائکوپ اور پاسپورٹ کے لئے درخواست دی تھی تاہم وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ ان کا ڈیٹا محفوظ نہیں رہ سکا جس پر ایم کیو ایم نے شدید احتجاج کیا تھا جس پر حکومت نے الطاف حسین کو جلد ہی تمام دستاویزات جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔