کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان حکومت نے صوبے میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر 8سالوں سے عائد پابندی آخر کار اُٹھالی۔شہریوں نے فیصلے پر خوشی کا اظہار کیاہے۔ 2006ء میں نواب اکبر بگٹی کے قتل کے بعد بلوچستان میں امن وامان کی خراب صورتحال کے پیش نظر کوئٹہ میں ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔ پابندی کی مدت میں مسلسل آٹھ سالوں تک توسیع کی جاتی رہی ۔جبکہ کوئٹہ کے علاوہ صوبے کے دیگر اضلاع میں آخری بار ڈبل سواری پر پابندی 7مارچ2013ء کو محکمہ داخلہ کے ایک حکمنامے کے تحت عائد کی گئی تھی۔ اس دوران ڈبل سواری کی خلاف وزری پر ہزاروں موٹر سائیکل سواروں کو جرمانے کئے گئے ۔محکمہ داخلہ و قبائلی امور بلوچستان کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ صوبے بھر میں موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی آئندہ احکامات تک فوری طور پراٹھالی گئی ہے ۔دوسری جانب محکمہ داخلہ کی جانب سے پابندی اٹھانے کے اعلان کے باوجود ڈپٹی کمشنر خضدار وحید شاہ کا کہنا ہے کہ امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر خضدار میں29جون تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد رہے گی۔