|

وقتِ اشاعت :   June 12 – 2014

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر حملے میں استعمال ہونے والے اسلحے سے متعلق تحقیقات ہورہی ہیں، جس کے بعد ہی اقدامات اٹھائے جائیں گے. دفتر خارجہ میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اسے کسی بھی ملک پر تحقیق کے بغیر الزامات عائد کرنے کی عادت نہیں، کراچی ایئرپورٹ پر حملے میں استعمال ہونے والے اسلحے سے متعلق تحقیقات ہورہی ہیں، جس کے بعد ہی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ پاکستان افغانستان میں پُرامن جمہوری انتقال اقتدار کی حمایت کرتاہے، افغان صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے کے موقع پر ملک کی مشرقی سرحد پر سیکیورٹی اور اہلکاروں کے گشت میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ گزشتہ روز وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے پر حقائق اکٹھے کئے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ایک طریقہ کار کے تحت پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کا اجرا کیا جاتا ہے، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو اس طے شدہ طریقہ کار مکمل ہونے کے بعد پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ جاری کردیا جائے گا۔